تحریک منہاج القرآن کی عالمی میلاد کانفرنس، رہنماؤں کا مینار پاکستان کا دورہ

رہنماؤں نے سٹیج، پنڈال، داخلی راستوں، سیکیورٹی، پارکنگ و دیگر انتظامات کا جائزہ لیا
عالمی میلاد کانفرنس امت مسلمہ کے اتحاد کیلئے ایک سنگ میل ثابت ہو گی
عالمی میلادکانفرنس سے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری خصوصی خطاب کریں گے: خرم نواز گنڈاپور
مینار پاکستان کے پنڈال کو سجانے میں کوئی کسرنہ چھوڑی جائے گی: جواد حامد

لاہور (22 اکتوبر 2020ء) تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، سیکرٹری عالمی میلاد کانفرنس جواد حامد، راجہ زاہد محمود و دیگر رہنماؤں پرمشتمل وفد نے مینار پاکستان کا دورہ کیا۔ رہنماؤں نے 37ویں عالمی میلاد کانفرنس کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ مرکزی، صوبائی و ضلعی رہنماؤں پر مشتمل وفد نے عالمی میلاد کانفرنس کے سٹیج، پنڈال، داخلی راستوں، سیکیورٹی، پارکنگ سمیت دیگر انتظامات کا جائزہ لیا اور انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان کو ہدایات جاری کیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ 37ویں عالمی میلاد کانفرنس 11 اور 12 ربیع الاول کی درمیانی شب مینار پاکستان کے سبزہ زار پر ہو گی۔ کانفرنس کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ 50 سے زائد انتظامی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عالمی میلاد کانفرنس امت مسلمہ کے اتحاد اور بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے ایک سنگ میل ثابت ہو گی، عالمی کانفرنس کی صدارت شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کرینگے اور تمام مسالک کے جید علمائے کرام و مذاہب کے نمائندے شریک ہونگے۔ عالمی میلاد کانفرنس سے قائد منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری خصوصی خطاب کریں گے۔ کانفرنس میں دنیا بھر سے علماء کرام، مشاءخ عظام، قرآء، نعت خواں حضرات کو شرکت کی دعوت دے دی گئی ہے۔ جشن عید میلاد النبی ﷺ پوری سج دھج سے منایا جائے گا۔

اس موقع پر حافظ غلام فرید، حافظ وقار، سعید اختر، راجہ ندیم، میاں زاہد جاوید، الیاس ڈوگر و دیگر بھی موجود تھے۔

جواد حامد نے کہا کہ مینار پاکستان کے پنڈال کو سجانے میں کوئی کسرنہ چھوڑی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ تہذیب و شائستگی اور اعلیٰ اخلاقی ماحول پیدا کرنے کیلئے سیرت النبی ﷺ کے مطالعے اور میلاد کی محافل کو عام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے 15 سو نوجوانوں پر مشتمل سکواڈ سیکیورٹی کی خدمات انجام دے گا۔ میلاد کا سماں پیدا کرنے کیلئے عوام الناس کو بھی اس مہم میں شامل کیا ہے۔ جواد حامد نے بتایا کہ عالمی میلاد کانفرنس کی رات ہر سال کی طرح امسال بھی مینار پاکستان کے سبزاہ زار میں ضیافت میلاد کا اہتمام کیا جائیگا۔ رات 7 بجے سے 10 بجے تک ہر خاص و عام کیلئے کھانے کا اہتمام ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ تحریک منہاج القرآن لاہور کے کارکن اور اہل لاہور مبارکباد کے مستحق ہیں کہ وہ سرور کونین کی ولادت کے سب سے بڑے پروگرام کے میزبان ہیں۔

جواد حامد نے مزید کہا کہ میلا دکانفرنس کی تیاریوں کے حوالے سے ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈا پور کو روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ دی جا رہی ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top