دعوت بذریعہ سوشل میڈیا کے موضوع پر اہم اجلاس 9 جنوری کو ہو گا

اجلاس کی صدارت چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کریں گے
سینئر رہنما حفیظ اللہ جاوید سنٹرل سوشل میڈیا کوآرڈینیٹر برائے دعوت مقرر

لاہور (30 دسمبر 2020ء) دعوت بذریعہ سوشل میڈیا کے موضوع پر اہم اجلاس 9 جنوری بروز ہفتہ 11بجے دن منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہو گا، اجلاس کی صدارت چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کریں گے، اجلاس میں ضلعی صدور و ضلعی فورمز کے صدور اور سینئر رہنما شریک ہوں گے، ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے گزشتہ روز ایک اہم اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام کی اصلاحی، فلاحی، اخلاقی، تربیتی، آفاقی تعلیمات قیامت تک آنے والے ہر دور کے لئے ہیں تاہم اظہار و بیان اور دعوت و تبلیغ کے انداز تبدیل ہوتے رہیں گے، یہ صدی جدید ذرائع ابلاغ اور سوشل میڈیا کے انقلاب کی صدی ہے۔

اسلام کی آفاقی تعلیمات نوجوانوں اور ہر طبقہ فکر کے افراد تک پہنچانے کے لئے عصری تقاضوں کے مطابق مبلغین کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ منہاج القرآن ایک ہمہ جہت تحریک ہے اسے قرآن و سنت کے پیغام کو اس کی اصل روح کے ساتھ موجودہ اور آئندہ نسلوں تک پہنچانے کا فریضہ اور سعادت میسر آئی ہے، شیخ اسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اسلام کے ہمہ جہتی پیغام کو خاص و عام تک پہنچایا ہے اور ایک ہزار سے زائد کتب کا ذخیرہ مرتب کیا ہے۔

تحریک منہاج القرآن کے کارکنان، رفیقان، وابستگان اور نمائندگان بالخصوص سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ عصری تقاضوں کے مطابق مشن کے پیغام کے فروغ کے لئے اپنے دعوتی کردار کی ادائیگی کے لئے خود کو تیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ دعوت بذریعہ سوشل میڈیا کے موضوع پر 9 جنوری کو سیر حاصل گفتگو ہو گی۔

دریں اثناء تحریک منہاج القرآن کے سینئر رہنما حفیظ اللہ جاوید کو سنٹرل سوشل میڈیا کوآرڈینیٹر برائے دعوت مقرر کیا گیا ہے جس کانوٹیفکیشن گزشتہ روز منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے جاری کر دیا ہے۔ نائب صدر منہاج القرآن بریگیڈیئر(ر) اقبال احمد خان، نائب ناظم اعلیٰ کوآرڈینیشن محمد رفیق نجم، نائب ناظم اعلیٰ سردار شاکر مزاری، نائب ناظم اعلیٰ رانا محمد ادریس، نائب ناظم اعلیٰ پروفیسر محمد سلیم چودھری اور نائب ناظم اعلیٰ میڈیا افیئرز نوراللہ صدیقی نے مبارکباد دی ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top