نظام المدارس پاکستان کا اجلاس، 30 دینی جامعات کے ناظمین اعلیٰ کی شرکت

رمضان المبارک میں ”آئیں دین سیکھیں“ کے عنوان سے 30 روزہ تربیتی کورسز کا انعقاد کیا جائے گا
3 سو سے زائد مدارس و مساجد میں علمائے کرام عقائد، اخلاق، سیرت، تعلیم قرآن، علوم حدیث پر لیکچرز دیں گے
رمضان المبارک میں دینی ذمہ داریوں کے ساتھ احتیاطی تدابیر پر بھی عمل کیا جائے: علامہ میر آصف اکبر
رمضان المبارک میں کورونا سے بچاؤ کیلئے علما مساجد میں ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں: ناظم اعلیٰ نظام المدارس
اجلاس میں مفتی غلام اصغر صدیقی، علامہ رفیق قادری، علامہ سید امداد حسین شاہ، علامہ محمد اشفاق چشتی و دیگر کی شرکت

لاہور (9 اپریل 2021ء) 30 دینی جامعات کے ناظمین اعلیٰ کا اہم اجلاس نظام المدارس پاکستان کے ناظم اعلیٰ علامہ میر محمد آصف اکبر قادری کی صدارت میں ماڈل ٹاؤن لاہور میں منعقد ہوا۔ دینی جامعات کے ناظمین اعلیٰ نے نظام المدارس پاکستان کے نئے نصاب پر اطمینان اور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نئے نصاب کے نفاذ سے مدارس دینیہ میں تعلیمی انقلاب آئے گا۔ یقیناً لاکھوں بچے ترقی کے قومی دھارے میں شامل ہوں گے۔ اجلاس میں اعلان کیا گیا کہ نظام المدارس پاکستان کے تحت لاہور کی 3 سو مساجد و مدارس میں رمضان المبارک میں ”آئیں دین سیکھیں“ کے عنوان سے 30 روزہ تربیتی ورکشاپس وکورسز کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس حوالے سے نظام المدارس کے تحت معلمین کیلئے بھی ورکشاپس کا انعقاد کیا گیا جس میں رمضان المبارک میں شروع کئے جانے والے 30 روزہ کورسز کے نصاب کو پڑھانے کا طریقہ کار بتایا گیا۔

علامہ میر محمد آصف اکبر نے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک میں شروع کی جانیوالی تربیتی ورکشاپس اور کورسز کا مقصد یہ ہے کہ لوگ دینی علوم سے بہرہ مند ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ 3 سو سے زائد مدارس و مساجد میں منعقد ہونے والی تربیتی ورکشاپس میں علمائے کرام عقائد، اخلاق، سیرت، تعلیم قرآن، علوم حدیث سمیت بنیادی اسلامی تعلیمات کے مختلف موضوعات پر لیکچرز دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے ماہ مبارک میں اگر صحیح معنوں میں محنت کر کے اپنے نفس کی تربیت کر لی جائے تو اس کا کوئی اور بدل نہیں ہو سکتا۔ رمضان المبارک غریبوں اور مسکینوں سے ہمدردی و غم خواری کا مہینہ ہے اس ماہ مبارک میں اللہ تعالیٰ کی نعمتیں اور برکتیں بارش کی طرح برستی ہیں، یہ مبارک مہینہ شروع ہونے والا ہے۔ اس مہینے میں زیادہ سے زیادہ عبادت کریں۔ رمضان المبارک کا مقصد فلاح، خیر، درگزر اور حقوق العباد کی خاص ادائیگی ہے۔

علامہ میر آصف اکبر نے کہا کہ عوام رمضان المبارک میں کورونا ایس او پیز پر عمل کریں۔ رمضان المبارک میں اپنی دینی ذمہ داریاں ادا کرنے کے ساتھ ساتھ احتیاطی تدابیر پر بھی عمل کریں اور کورونا سے بچاؤ کیلئے ایس او پیز پر عملدرآمد کو بھی یقینی بنائیں۔ علامہ میر آصف اکبر نے علماء پر زور دیا کہ وہ رمضان المبارک کے دوران کورونا سے متعلق ضابطہ کار پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

اجلاس میں مفتی غلام اصغر صدیقی، علامہ رفیق قادری، علامہ سید امداد حسین شاہ، علامہ محمد اشفاق چشتی، مولانا خلیل حنفی، علامہ عامر چشتی، علامہ عبد المختار قادری، حکیم محمد جمیل، علامہ شہزاد قادری، علامہ صادق سعیدی، علامہ عثمان سیالوی و دیگر علماء شریک تھے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top