منہاج ویلفیئر 10 لاکھ مستحق خاندانوں میں راشن تقسیم کرے گی

مستحقین کی مدد بہترین عبادت اور اسلام کی روح ہے: خرم نواز گنڈاپور
شیخ الاسلام کی ہدایت پر مستحقین تک راشن پہنچانے کے انتظامات کر لئے: سید امجد علی شاہ
راشن کی تقسیم میں کورونا وباء سے متاثر ہونے والے مزدور خاندانوں کو بھی شامل کیا جائے گا

لاہور (13 اپریل 2021) منہاج القرآن انٹرنیشنل کا فلاحی ادارہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن رمضان المبارک میں مخیر حضرات سے مل کر 10 لاکھ غریب خاندانوں میں راشن تقسیم کرے گا۔ قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے منہاج ویلفیئر کو خصوصی ہدایات دی ہیں کہ راشن کی تقسیم میں کورونا وائرس کی وبا اور لاک ڈاؤن کے باعث بے روزگار ہونے والے مزدور خاندانوں کو بھی شامل کیا جائے۔

راشن کی تقسیم کے حوالے سے منعقدہ خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مستحقین کی مدد اصل اسلام اور بہترین عبادت ہے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج ویلفیئر ہر سال مستحق خاندانوں کیلئے راشن تقسیم کرتی ہے اس سال بھی 10 لاکھ خاندانوں میں راشن تقسیم کریں گے۔ اجلاس میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے کنٹری ڈائریکٹر سید امجد علی شاہ، ڈائریکٹر ریسورسز اینڈ ڈویلپمنٹ شاہد لطیف، ڈپٹی ڈائریکٹر MWF خرم شہزاد و دیگر شریک تھے۔

سید امجد علی شاہ نے کہا کہ قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خصوصی ہدایات پر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن اپنا انسانی، فلاحی کردار ادا کر رہی ہے۔ کورونا وباء، بیروزگاری اور مہنگائی کی وجہ سے آج انسانیت مشکل میں ہے۔ ہر جسم کی تکلیف کو اپنے جسم میں محسوس کرنے کا نام اسلام ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور، راولپنڈی، کوئٹہ، کراچی، ملتان، مظفر آباد، گلگت، فیصل آباد، سکھر، ڈی جی خان، سرگودھا، پشاور سمیت ملک کے تمام بڑے شہروں میں ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو مستحق افراد میں راشن تقسیم کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے اس فوڈ سپورٹ پروگرام کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں، راشن کی تقسیم میں منہاج یوتھ لیگ، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے قائدین، عہدیداران و کارکنان کثیر تعداد میں حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن بلا امتیاز رنگ و نسل ملک بھر میں مستحقین کی مدد کرنے میں پیش پیش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد اور پہلی ترجیح مستحقین تک راشن پہنچانا ہے۔ سید امجد علی شاہ نے کہا کہ مخلوق خدا کی بے لوث خدمت قلبی سکون کا باعث ہے، رمضان المبارک کے بابرکت اور مقدس مہینے میں ملک بھر میں کروڑوں روپے مالیت کی اشیائے خورونوش مستحقین میں تقسیم کی جائیں گی۔ راشن کی تقسیم اور مستحقین کی مدد کا سلسلہ پورا مہینہ جاری رہے گا، تحریک منہاج القرآن کی جملہ تنظیمات منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے بینر تلے اپنی مدد آپ کے تحت شب و روز مستحقین کی مدد کررہی ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top