منہاج القرآن کے رہنماؤں کی شہدائے ماڈل ٹاؤن کی یادگار پر فاتحہ خوانی

مورخہ: 17 جون 2021ء

7th Anniversary of Model Town Massacre

لاہور (17 جون 2021ء) تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور کی قیادت میں مرکزی رہنماؤں نے شہدائے ماڈل ٹاؤن کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔ اس موقع پر نائب صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان، ڈائریکٹر فارن افیئرز جی ایم ملک، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مستغیث جواد حامد، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز سہیل رضا، نظام المدارس پاکستان کے ناظم اعلیٰ علامہ میر آصف اکبر، محمد سرفراز، سیکرٹری کوآرڈینیشن ایم کیو آئی طیب ضیاء، ایوب انصاری، ڈاکٹر کاشر، فراز ہاشمی، محمد اختر موجود تھے۔

اس موقع پر خرم نواز گنڈاپور نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 7سال گزر جانے کے بعد بھی انصاف نہیں ہوا۔ ہم آج بھی پہلے دن کی طرح پرعزم ہیں کہ انصاف ہو کررہے گا اور بے گناہوں کا خون بہانے والے اور انصاف کی راہ میں روڑے اٹکانے والے عبرت کا نشان بنیں گے۔

7th Anniversary of Model Town Massacre

دریں اثناء منہاج القرآن ویمن لیگ کی رہنماؤں نے ناظمہ سدرہ کرامت کی قیادت میں شہداء کی یادگار پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔ سدرہ کرامت نے کہا کہ 17 جون 2014 ء کے دن کارکنوں کو تحریک منہاج القرآن اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری سے تعلق اور محبت کی سزا دی گئی۔ یہ کیسی جمہوریت ہے جس میں خواتین کو ناحق قتل کر کے انصاف سے محروم رکھا جاتا ہے۔ ہم ایسے نظام کو قبول نہیں کر سکتے اور اس کے نیست و نابود ہونے کی جدوجہد بھی کرتے رہیں گے اور دعا بھی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری چیف جسٹس آف سپریم کورٹ سے استدعا ہے کہ وہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مظلوموں کو انصاف دینے کے لئے ماتحت عدالتوں کو ایک بار پھر زیر التواء درخواستیں نمٹانے اور فوری انصاف فراہم کرنے کی ہدایات جاری کریں۔ ہماری چیف جسٹس سپریم کورٹ سے یہ بھی استدعا ہے جو عدالتیں سپریم کورٹ میں زیر التواء اور سماعت کی منتظر ہیں ان پر بھی فوری فیصلے کئے جائیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top