قائد تحریک منہاج القرآن کا شہداء ماڈل ٹاؤن کی 7ویں برسی پر اظہار یکجہتی کیلئے نکالی گئی ریلی سے خطاب

مورخہ: 17 جون 2021ء

قاتلوں کے دور حکومت کی طرح مظلوم آج بھی انصاف سے محروم ہیں: ڈاکٹر طاہرالقادری
سانحہ کے ماسٹر مائنڈ میاں نواز شریف کو شاید اپنی زندگی میں وطن کی سرزمین پر قدم رکھنا نصیب نہ ہو
اشرافیہ نشان عبرت بن گئی، شہباز شریف ملزم کے طور پر ضمانت کی رہائی کے ساتھ زندگی بسر کررہے ہیں
عمران خان صاحب سابق دور حکومت میں درج ہونے والی جھوٹی ایف آئی آرز آپ نے کس لئے سنبھال رکھی ہیں؟
ایک ظلم 17 جون 2014ء کے دن ہوا تھا اور ایک ظلم آج ناانصافی کی صورت میں ہورہا ہے: خرم نواز گنڈاپور
عوامی تحریک کی ریلی میں ویمن لیگ، ایم ایس ایم، یوتھ لیگ سمیت ہزاروں مرد و خواتین کارکنان و قائدین کی شرکت

7th Anniversary of Model Town Massacre

لاہور (17 جون 2021ء) قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے شہدائے ماڈل ٹاؤن کی 7ویں برسی کے موقع پر لاہور سمیت مختلف شہروں میں شہداء کے انصاف کے لئے نکالی جانے والی ریلیوں سے آڈیو لنک پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قاتلوں کی حکومت میں انصاف نہ ملنے کی سمجھ تو آتی تھی مگر تحریک انصاف کی حکومت میں مظلوموں پر انصاف کے دروازے بند کیوں ہیں؟۔ وزیراعظم عمران خان میرے ساتھ مل کر سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کے لئے پریس کانفرنسیں کرتے رہے ہیں اور احتجاجوں میں شریک رہے ہیں۔ آج مظلوم انصاف کے لئے دربدر اور دھکے کھارہے ہیں۔ قتل کرنے والوں کو سلاخوں کے پیچھے ہونا چاہیے تھا مگر وہ آج بھی دندناتے پھررہے ہیں۔ کارکنوں کے خلاف سابق دور حکومت میں درج ہونے والی جھوٹی ایف آئی آرز آج بھی قائم ہیں۔ یہ ظلم آج کیوں ہورہا ہے؟

ڈاکٹر طاہرالقادری نے لاہور پریس کلب ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقتدار کے لئے بے گناہوں کے خون سے ہولی کھیلنے والے میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف اپنے عبرت ناک انجام کو جا پہنچے ہیں۔ میاں نواز شریف کوشاید عمر بھر پلٹ کر اپنے وطن میں قدم رکھنا نصیب نہ ہواور دوسرے بھائی ملزم کے طور پر ضمانت کی رہائی کے ساتھ زندگی بسر کررہے ہیں۔ اسے کہتے ہیں اللہ کی لاٹھی بے آواز ہوتی ہے۔ اللہ کے فیصلوں میں انسان کی نظر میں دیر تو ہو سکتی ہے مگر اندھیر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی ناانصافی کرے گا اللہ کے غضب کا نشانہ بنے گا چونکہ اللہ عدل کرنے والوں سے محبت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کے یتیم بچوں، ان کے بیٹوں، بیٹیوں، بیوگان اور ورثاء کا وزیراعظم عمران خان سے سوال ہے کہ پہلے تو قاتلوں کی حکومت تھی آج تو انصاف والوں کی حکومت ہے، آج مظلوم انصاف سے محروم کیوں ہیں؟۔

انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سابق حکمرانوں نے تو مذموم مقاصد کے لئے کارکنوں کے خلاف جھوٹی ایف آئی آرز درج کی تھیں، آپ کے دور حکومت میں یہ ایف آئی آرز ختم کیوں نہیں ہوئیں؟ اگر آپ چاہیں تو ایک ایگزیکٹو آرڈر کے ذریعے ایف آئی آرز ختم ہو سکتی ہیں مگر آپ نے کس لئے یہ ایف آئی آرز سنبھال رکھی ہیں؟۔

شہدائے ماڈل ٹاؤن سے اظہاریکجہتی کے لئے عوامی تحریک لاہور اور تحریک منہاج القرآن لاہور کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت خرم نواز گنڈاپور، جواد حامد، سلطان محمود چودھری، حافظ غلام فرید، اشتیاق حنیف مغل، حاجی فرخ خان قادری، علامہ امداد حسین شاہ، علامہ محمد خلیل حنفی، علی قریشی، نورین علوی، فہنیقہ ندیم، اصغر ساجد، انجینئر ثناء اللہ، حاجی محمد امجد قادری، میاں ممتاز حسین، چودھری اقبال، حفیظ اللہ جاوید نے کی۔ ریلی میں شریک ہزاروں خواتین، مردو حضرات اور بچوں نے شہدائے ماڈل ٹاؤن کے انصاف کے لئے بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔ ریلی کے شرکاء نے انصاف کی فراہمی کے لئے جے آئی ٹی کی بحالی اور حکومت سے جھوٹے مقدمات کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔

خرم نواز گنڈاپور نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 7 سال گزر جانے کے بعد بھی انصاف نہیں ملا۔ آخر انصاف کے راستے میں کون رکاوٹ ہے؟ سپریم کورٹ کی طرف سے ماتحت عدالتوں کو کیسز نمٹانے کی جو ہدایات بھی ملتی ہیں ان پر عمل نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ ایک ظلم 17 جون 2014ء کے دن ہوا تھا اور ایک ظلم آج ناانصافی کی صورت میں ہو رہا ہے۔

دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام شہدائے ماڈل ٹاؤن کی 7ویں برسی کے موقع پر17 جون کو لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، ملتان، حیدر آباد، جیکب آباد، کوہاٹ، لکی مروت، مظفر آباد، میرپور، ایبٹ آباد، گجرات، منڈی بہاؤ الدین، حافظ آباد، گوجرانوالہ، نارروال، سیالکوٹ، مریدکے، سمندری، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، چنیوٹ، ساہیوال، پاکپتن، اوکاڑہ، لودھراں، وہاڑی، خانیوال، میاں چنوں، رحیم یار خان، بہاولنگر، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، مظفر گڑھ، لیہ، سرگودھا، اٹک، جہلم، چکوال، خوشاب، میانوالی، بھکر، سوہاوہ، پنڈدادنخان، دینہ، لاڑکانہ، گھوٹکی، ڈھرکی، نوشہرو فیروز، مورو، شہداد پور، ٹنڈوآدم، کھپرو، گھمبٹ، ڈوکری، ڈیرہ اسماعیل خان، دیر، کوٹلی، بھمبر، سدھنوئی سمیت تحصیل اور ٹاؤن کی سطح پر ریلیاں نکالی گئیں اور شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء سے اظہار یکجہتی کرنے کے ساتھ ساتھ انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا گیا۔

7th Anniversary of Model Town Massacre

7th Anniversary of Model Town Massacre

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top