منہاج القرآن اور بابا گرونانک سوسائٹی کے زیر اہتمام شجر کاری مہم

مورخہ: 24 اگست 2021ء

انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل اور بابا گرونانک ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام شجر کاری مہم کے سلسلے میں حضوری باغ حکیم الامت علامہ اقبالؒ کے مزار کے سامنے پودے لگائے گئے اس موقع پر شہریوں میں پودے تقسیم بھی کئے گئے۔ ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل سہیل احمد رضا، صدر بابا گرونانک سوسائٹی پاکستان سردار بشن سنگھ، سردار من موہن سنگھ، سردار رنجیت سنگھ و دیگر رہنماؤں نے مون سون شجرکاری مہم کے سلسلے میں پودے لگائے۔

اس موقع پر سہیل احمد رضا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ درخت لگانا سنت نبوی ﷺ اور صدقہ جاریہ ہے۔ انسانی حیات کی بقا کیلئے آگ، ہوا اور پانی کے ساتھ ساتھ درخت بھی ضروری ہیں۔ گلوبل وارمنگ کے خطرات سے بچنے اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کیلئے درخت لگانا ضروری ہیں۔ درختوں کا تحفظ اور آبیاری معاشرے کے ہر فرد کی مذہبی، اخلاقی و قومی ذمہ داری ہے۔

سہیل رضا نے کہا کہ منہاج القرآن انٹرفیتھ ریلیشنز اور بابا گرونانک ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام ملک کے تمام شہروں میں درخت لگائے جائینگے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ رواں ہفتہ سے راوی کنارے لاہور میں آباد آبادیوں میں درخت لگانے کی مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ بابا گرونانک سوسائٹی پاکستان کے صدر سردار بشن سنگھ نے کہا کہ شجرکاری مہم اور جنگلات میں اضافہ کے حوالے سے موجودہ حکومت کی دلچسپی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ انسانیت کے تحفظ اور بقا کیلئے منہاج القرآن کے ساتھ مل کر اپنا قومی کردار ادا کر رہے ہیں۔ بابا گرونانک نے انسانیت کو سکھ پہنچانے کا درس دیا ہے فی زمانہ درخت لگانا اور انکی حفاظت کرنا انسانیت کی بہترین خدمت ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top