ربیع الاول انتظامات کیلئے بر وقت اعلیٰ سطحی کمیٹی کی تشکیل پنجاب حکومت کا احسن اقدام ہے: میر آصف اکبر

تحریک منہاج القرآن ہر سال یکم تا 12 ربیع الاول سیرت النبی ﷺ کانفرنسز منعقد کرتی ہے: ناظم منہاج القرآن علماء کونسل

لاہور (10 ستمبر 2021) منہاج القرآن علماء کونسل کے ناظم و نظام المدارس پاکستان کے ناظم اعلیٰ علامہ میر آصف اکبر نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کو ربیع الاول کے جلوسوں اور انتظامات کیلئے پیشگی انتظامات کرنے اور وزیر قانون راجہ بشارت کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دینے کے اقدام کی تحسین کرتے ہیں، حکومت کو چاروں صوبوں میں میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں سیرت النبی ﷺ کانفرنسز کی سرپرستی کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن ہر سال یکم ربیع الاول تا 12 ربیع الاول آقا دوجہاں حضور نبی اکرم ﷺ کی ولادت باسعادت کے سلسلے میں تقریبات، ضیافت میلاد کا انعقاد کرتی اور اندرون و بیرون ملک سیرت النبی ﷺکے موضوعات پر کانفرنسز منعقد کرتی ہے اور انتظامیہ کے تعاون سے ہر سال 11 اور 12 ربیع الاول کی شب عالمی میلاد کانفرنس کا انعقاد ہوتا ہے، ان شاء اللہ اس سال بھی ایمانی جوش و جذبہ کے ساتھ لاہور میں 38ویں عالمی میلاد کانفرنس پوری شان و شوکت کے ساتھ منعقد ہوگی، عالمی میلاد کانفرنس سے تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری خطاب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کی عالمی میلاد کانفرنس اتحاد امت، بین الامسالک ہم آہنگی اور بین المذاہب رواداری کا آئینہ دار ہوتی ہے، امسال بھی تمام مسالک کے جید علماء و مشائخ اور مذاہب کے معزز نمائندگان رحمۃ للعالمین حضور نبی اکرم ﷺ کے یوم ولادت کے موقع پر منعقدہ عظیم الشان عالمی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top