ترکی کے وفاقی وزیر پروفیسر ڈاکٹر علی ارباش کا منہاج یونیورسٹی لاہور کا دورہ

Turkish Federal Minister Prof Dr Ali Erbas visits Minhaj University Lahore

برادر اسلامی ملک ترکی کے وفاقی وزیر مذہبی امور پروفیسر ڈاکٹر علی ارباش نے منہاج یونیورسٹی لاہور میں اپنے اعزاز میں منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی دینی و تعلیمی خدمات کے معترف ہیں۔ اسلام اور بین المذاہب رواداری کیلئے منہاج القرآن کی خدمات قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو ان کی 71ویں سالگرہ پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ منہاج یونیورسٹی لاہور میں آ کر بہت خوشی ہوئی، امہ کو باوقار تعلیمی اداروں کی ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر مذہبی امور ڈاکٹر نورالحق قادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاک ترکی تعلقات عالم اسلام کے امن اور خوشحالی کی علامت ہیں، انہوں نے بھی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو ان کی 71ویں سالگرہ پر مبارک باد دی اور کہا کہ شیخ الاسلام نے زندگی کے ہر شعبے میں علمی خدمات انجام دیں ان کی تحقیقات موجودہ اور آئندہ نسلوں کیلئے ہیں۔

منہاج یونیورسٹی لاہور کے بورڈ آف گورنرز کے ڈپٹی چیئرمین ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے معزز مہمانان گرامی کو منہاج یونیورسٹی لاہور آمد پر خوش آمدید کہا، انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ برادر اسلامی ملک ترکی نے عالم اسلام میں دین اور انسانیت کی سب سے زیادہ خدمت کی، ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے منہاج یونیورسٹی کی طرف سے ترکی کے 5 طلبہ کو سکالر شپ دینے کا اعلان کیا اور کہا کہ یہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا پاکستان کی طرف سے معزز وفد کے لئے تحفہ ہے اس پر پروفیسر ڈاکٹر علی ارباش نے بھی 10 پاکستانی طلبہ کے لیے سکالر شپ کا اعلان کیا، ان اعلانات کا شرکائے تقریب نے تالیوں سے خیر مقدم کیا، تقریب کے آغاز پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے۔

منہاج یونیورسٹی لاہور کے وائس چانسلر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ ترکش وفد میں ڈاکٹر عبدالرحمان ہیکلی، عثمان تراسکی، ڈاکٹر سلیم آرگن، پروفیسر ڈاکٹر ابراہیم حلیمی، ایدل اتالے، مصطفی ایرمکلی، حسن گوکلو، محمد ازدمیر، براک اورحان، سنان، عادل ایلیزری، فرح مستور، صادق اوزکان، محمد الامین بیک، سم اسکندر، محمد گن شامل تھے۔ تقریب میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا، برادر اسلامی ملک ترکی کے وفد کو ترکی زبان میں منہاج القرآن، شیخ الاسلام اور منہاج یونیورسٹی لاہور کے بارے میں ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے تجویز دی کہ ترکی اور پاکستان کو مل کر عالم اسلام کے بین الاقوامی امیج کو بہتر بنانے کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک المیہ ہے کہ فیس بک، ٹویٹر جیسے ابلاغی ٹولز جیسا عالم اسلام کے پاس کوئی ایک بھی ذریعہ اظہار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کے محاذ پر اس کمزوری کی وجہ سے اسلام پر انتہا پسندی کے الزامات لگائے جاتے ہیں۔

تقریب میں خرم نواز گنڈاپور، بریگیڈئیر (ر) اقبال احمد خان، رجسٹرار ڈاکٹر خرم شہزاد، سینیٹر اعجاز چوہدری، سہیل احمد رضا اور منہاج یونیورسٹی لاہور کے لیکچررز، ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹس نے شرکت کی۔ وفد میں شامل تمام افراد کو شیخ الاسلام کی کتب کا تحفہ دیا گیا۔

Turkish Federal Minister Prof Dr Ali Erbas visits Minhaj University Lahore

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top