کالج آف شریعہ میں مقابلہ حسن قرآت و عربی زبان میں تقریری مقابلے

مورخہ: 14 مارچ 2022ء

25 سے زائد کالجز، یونیورسٹیز کے طلباء و طالبات مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں
مقابلہ حسن قرات میں حافظ فیصل امجد نے پہلی، قاری عبدالصمد نے دوسری اور محمد مزمل احمد نے تیسری پوزیشن حاصل کی

COSIS week-long celebrations

لاہور (14 مارچ 2022) کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز (منہاج یونیورسٹی لاہور)کے زیراہتمام بین الاکلیاتی ہفتہ تقریبات کا آغاز حسن قرات اور عربی تقریری مقابلے سے ہوا۔ حسن قرات اور عربی تقریری مقابلے میں ملک بھر کے 25سے زائد کالجز، یونیورسٹیز، اور جامعات کے 50 سے زائد طلباء و طالبات نے حصہ لیا۔ مقابلہ حسن قرات میں گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے حافظ فیصل امجد نے پہلی پوزیشن، جامعہ اسلامیہ منہاج یونیورسٹی لاہور کے قاری عبدالصمد نے دوسری اور تحفیظ القرآن انسیٹیوٹ لاہور کے محمد مزمل احمد نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ عربی تقریری مقابلوں میں کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے حافظ محمد طلحہ مسرور نے پہلی، منہاج کالج برائے خواتین سے حدیقہ بتول نے دوسری اور جامعہ اسلامیہ منہاج یونیورسٹی لاہور کے عطاء المصطفیٰ طاہر نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ طلبہ نے نہایت خوش الحانی اور تجوید کے قواعد کے مطابق مختلف سورتوں کی تلاوت کی، تقریب میں موجود تمام لوگوں کے دل ایمان سے منور ہو رہے تھے۔ بین الکلیاتی مقابلہ ہفتہ تقریبات 14 مارچ سے 17 مارچ تک جاری رہیں گے۔

افتتاحی پروگرام میں خلیفہ دربار حضرت داتا علی ہجویری ؒ احمد عاصم سلیم، عالمی شہرت یافتہ قاری محمد رفیق نقشبندی، نائب صدر پاکستان عوامی تحریک راجہ زاہد محمود، معروف سماجی رہنما پرویز مخفی، گورنمنٹ یونیورسٹی لاہور سے پروفیسر ڈاکٹر خورشید احمد سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔ احمد عاصم سلیم نے بابرکت پروگرام میں شرکت کی دعوت دینے پر کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کی انتظامیہ اور پرنسپل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے طلبہ کو نصیحت کی کہ قرآن کریم کی تلاوت ترتیل اور تجوید کے اسرار کو ملحوظ رکھتے ہوئے کرنے کی عادت ڈالیں۔

COSIS week-long celebrations

پرنسپل کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز ڈاکٹر ممتا زالحسن باروی نے اپنے خطاب میں مہمانان خصوصی، منصفین اور اساتذہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نصابی سرگرمیاں طلبہ کی نشوونما، کردار سازی اور تربیت کیلئے بہت اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ ان صحت مندانہ سرگرمیوں میں بھرپور انداز میں حصہ لیں۔ انہوں نے کہاکہ طلبہ اپنی زندگیاں قرآن پاک سے مزین کریں۔ ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی نے کہا کہ نماز اور قرآن پاک کو ترجمے کے ساتھ پڑھیں۔ قرآن حکیم ہی وہ ہدایت والی کتاب ہے جو ہماری زندگیاں بدل سکتی ہے ہمیں زندگی کے تمام معمولات میں قرآن حکیم سے رہنمائی ملتی ہے۔

تقریب کے اختتام پر مہمانان خصوصی ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی، احمد عاصم سلیم، قاری محمد رفیق نقشبندی، ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی، ڈاکٹر محمد اکرم رانا، ڈاکٹر شبیر احمد جامی، ڈاکٹر شفاقت علی بغدادی، ڈاکٹر ممتاز احمد سدیدی، محب اللہ اظہر، صابر حسین نقشبندی، راجہ زاہد محمود، سدرہ کرامت، جواد حامد، شہزاد رسول، بزم منہاج کے صدر اسامہ مجید، حافظ محمد طیب، محمد نور حسن، ، حاجی محمد اسحق، عابد بشیر و دیگر مہمانوں نے جیتنے والے طلبہ کو شیلڈز، میڈلز اور دیگر تحفوں سے نوازا۔ 15 مارچ منگل کو بین الکلیاتی مقابلوں میں نعت رسول مقبول ﷺ اور انگریزی تقریری مقابلے ہوں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top