منہاج پبلی کیشنز کے زیراہتمام شیخ الاسلام، ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی نئی کتب شائع

new books of dr tahir ul qadri

منہاج پبلی کیشنز کے زیراہتمام رمضان المبارک 2022 اور اعتکاف کے موقع پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری، ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی نئی کتب طبع ہو کر منظر عام پر آئی ہیں اور بعض کتب کے اضافہ جات کے ساتھ نئے ایڈیشن شائع ہوئے ہیں۔ ان میں سے چند ایک کا مختصر تعارف درج ذیل ہے۔

1. مختلف مہینوں اور دنوں کے فضائل و برکات (غاية الإنعام في بعض زمن الشهور والليالي والأيام)

اِس کتاب میں مختلف گھڑیوں، ساعات، دنوں اور مہینوں کے فضائل و برکات قرآن و حدیث اور آثارِ صحابہ و اَقوالِ ائمہ کی روشنی میں بیان کیے گئے ہیں۔ مستند و معتبر حوالہ جات سے مزین ہے۔ نئے اُسلوب اور اضافہ جات کے ساتھ یہ کتاب طبع ہوکر اسٹال پر آچکی ہے۔

2. سلسلہ تعلیماتِ اِسلام: 2 - اِسلام
3. سلسلہ تعلیماتِ اِسلام: 3 - اِیمان
4. سلسلہ تعلیماتِ اِسلام: 4 - اِحسان

یہ کتب اضافہ جات کے ساتھ دوبارہ طبع ہوئی ہیں۔ نئی اَبواب بندی کی گئی ہے۔ متعدد نئے سوالات اور ان کے جوابات شامل کیے گئے ہیں۔ بلکہ 2022ء کے تقاضوں کے مطابق مواد کو ترتیب دیا گیا اور سوالات کو یکجا اور منظم کیا گیا ہے۔

5. سلسلہ تعلیماتِ اِسلام: 15 - عقیدۂ توحید (ایمان باللہ)

اِسی طرح سلسلہ تعلیماتِ اِسلام کی 15ویں کتاب طبع ہوئی ہے، جس کا موضوع ہے:
عقیدۂ توحید یعنی ایمان باللہ
کتاب کے پانچ ابواب میں 170 سے زائد سوالات اور ان کے جوابات دیے گئے ہيں۔
اِس کتاب میں صرف عقیدہ، توحید اور شرک پر ہی بحث نہیں کی گئی، بلکہ دیگر مذاہب میں پائے جانے والے تصورِ توحید پر بھی سیر حاصل گفت گو کی گئی ہے۔
اس کتاب میں عقیدے کی دقیق اَبحاث کو مختصر مگر جامع جوابات سے آراستہ و پیراستہ کیا گیا ہے۔
سلسلۂ تعلیماتِ اسلام کی یہ کتب نہایت سادہ اور عام فہم پیرائے میں سوالا جوابا مرتب کی گئی ہیں، جو خاص طور پر بچوں اور نسلِ نوخیز کو اسلامی تعلیمات سے روشناس کروانے کے لیے انتہائی مفید ہیں۔ لہذا یہ کتب ہر گھر کی ضرورت ہیں۔

6. Islamic Economics (Reconstruction)

انسان کے تمام معاشی مسائل کا حل اسلامی نظامِ معیشت میں موجود ہے۔ لیکن عہدِ حاضر میں ایک اَہم مسئلہ اسلامی معیشت کی تشکیلِ جدید ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اِسلامی اِقتصادیات کو نئی مصطلحات کا جامہ زیب کروا کر جدید ذہن کے سامنے پیش کیا جائے تاکہ قدیم و جدید میں پائی جانے والی دوئی اور duality کو ختم کیا جاسکے۔

حضور شیخ الاسلام دامت برکاتہم العالیہ کی 540 صفحات پر مشتمل اِس کتاب میں اِنہی سوالات کا کافی و شافی جواب دیا گیا ہے۔ قاری بے ساختہ پکار اُٹھتا ہے:

کسے خبر کہ ہزاروں مقام رکھتا ہے
وہ فقر جس میں ہے بے پردہ روحِ قرآنی
یہ جبر و قہر نہیں ہے، یہ عشق و مستی ہے
کہ جبر و قہر سے ممکن نہیں جہاں بانی

اِس موضوع سے دل چسپی رکھنے والے حضرات ضرور اس کتاب کو اپنے مطالعہ میں لے کر آئیں۔

7۔ جنت کی خصوصی بشارت پانے والے 100 صحابہ و صحابیات رضی اللہ عنہم

نجومِ ہدایت میں سب سے بلند خلفاء راشدین رضی اللہ عنہم کا مقام ہے، بعد ازاں عشرہ مبشرہ کے بقیہ چھ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کا مرتبہ آتا ہے۔ یہ وہ عظیم طبقہ ہے جسے رسولِ اَقدس ﷺ نے اپنی حیاتِ طیبہ میں ہی جنتی ہونے کی بشارت دے دی تھی۔ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے جنتی ہونے کی بشارات کا یہ سلسلہ صرف عشرہ مبشرہ تک ہی محدود نہیں ہے، بلکہ رسالت مآب ﷺ نے مختلف مواقع پر کئی صحابہ کرام یا طبقۂ صحابہ کا نام لے کر انہیں بہشت کی نعمتِ جاوداں کی خوش خبری سے سرفراز فرمایا ہے۔

منفرد اور اچھوتے موضوع کی حامل حضور شیخ الاسلام کی اِس کتاب کے پہلے باب میں قرآن مجید اور احادیث مبارکہ سے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے عمومی فضائل بیان کیے گئے ہیں، جن سے واضح ہوتا ہے کہ جمیع صحابہ کرام آفتابِ رُشد و ہدایت اور مرحوم و مغفور اور جنتی ہیں۔

دوسرے باب میں عشرہ مبشرہ کے درجے پر فائز صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی شان میں وارِد ہونے والی اَحادیث مبارکہ پیش کی گئی ہیں۔

تیسرے باب میں اِن دس (10) نجومِ ہدایت کے علاوہ دیگر 60 صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اور 30 صحابیات رضی اللہ عنہن کے تذکار موجود ہیں، جنہیں رسولِ مکرم ﷺ نے مختلف مواقع پر ان کا نام لے کر جنت کا پروانہ عطا فرمایا ہے۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری مد ظلہ العالی کی یہ شاہ کار تالیف نہ صرف مبشر صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اور صحابیات رضی اللہ عنہن کا تعارف کراتی ہے بلکہ ان کی زندگیوں کے وہ مقدس گوشے بھی ہم پر عیاں کرتی ہے، جو قیامت تک آنے والے اَہلِ حق کے لیے ایک مشعلِ راہ ہیں۔

8۔ پارہ نمبر 2 (قرآن مجید کا سہ لسانی لفظی و بامحاورہ ترجمہ مع نحوی ترکیب)

قرآن تمام اِلہامی کتب و صحائف کا جامع ہونے کی بناء پر اِس قدر علوم و معارف کا بے کراں خزینہ ہے کہ ان کا شمار اور اِحصاء کسی شخص کے بس کی بات نہیں ہے۔ اِس لیے علماء متقدمین و متوسطین اور متاخرین سب اِسے نہ صرف تشریعی علوم کا کا منبع و سرچشمہ تصور کرتے رہے ہیں بلکہ تکوینی علوم کے اِستنباط و اِستخراج کے لیے بھی اس کے دامنِ فیض سے اِکتساب کرتے رہے ہیں۔
لیکن اس کے لیے بنیادی شرط قرآن فہمی ہے کہ جس کے لیے یہ Pathway to the Qur’an یعنی منہاج القرآن قائم کیا گیا۔ منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے قرآن فہمی کے لیے وقتاً فوقتاً مختلف کتب اور پروگرامز لانچ ہوتے رہتے ہیں۔ انہیں میں سے ایک قرآن مجید کا سہ لسانی پراجیکٹ ہے یعنی عربی، اردو اور انگریزی میں لفظی اور با محاورہ ترجمہ قرآن اور اس کے ساتھ ساتھ ہر ہر لفظ و حرفِ قرآن کی نحوی ترکیب۔

اس سلسلے میں پہلے تین پارہ جات طبع ہوچکے ہیں اور یہ منہاج القرآن کی طرف سے ایسی خدمت ہے جس میں اسے انفرادی مقام حاصل ہے۔

9۔ حقیقتِ استقامت (قدیم و جدید فکری اَسالیب)

لرزا دینے والے حالات میں ڈٹے رہنا ہی اِستقامت کہلاتا ہے۔ یہ بات بالکل واضح ہے کہ حق کا راستہ بہت کٹھن ہوتا ہے اور قدم قدم پر اَہلِ حق کو دل دہلا دینے والے حالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اِن حالات میں عزم و اِستقامت سے ڈٹے رہنا ہی اَہلِ حق کا امتحان ہوا کرتا ہے۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی اس نئی کتاب میں واضح کیا گیا ہے کہ اَہلِ حق صبر و اِستقامت کے نسخۂ کیمیا کے ذریعے اپنی منزلِ مقصود کو پا لیتے ہیں کیوں کہ فتح ہمیشہ حق کی ہوتی ہے۔ انہوں نے اس کتاب میں اِستقامت کے قدیم اور جدید فکری پہلو قارئین کے سامنے رکھے اور ایک نئے پیرائے اور اُسلوب میں اس موضوع پر روشنی ڈالی ہے۔

10۔ وقت کی اَہمیت (اِسلامی تعلیمات کے تناظر میں)

وقت اِنسانی زندگی کی سب سے زیادہ قیمتی متاع ہے۔ کوئی شے اس کا بدل نہیں ہوسکتی۔ جدید دور میں ہر فرد وقت کی کمی کی شکایت کرتا نظر آتا ہے۔ لیکن مسئلہ وقت کی کمی سے زیادہ اس کی management کا ہے۔ وقت کو قابو میں رکھنے اور ضائع ہونے سے بچانے کے لیے تنظیم الاوقات یعنی time management کا موضوع ایک فن کی شکل اِختیار کرچکا ہے۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی اِس مختصر کتاب میں نہ صرف قرآن و حدیث کی روشنی میں وقت کی قدر و قیمت اور اَہمیت پر روشنی ڈالی گئی ہے بلکہ اپنے وقت کو زیادہ سے زیادہ کارآمد بنانے کے لیے انتہائی مفید tips بھی دی گئی ہیں۔

11۔ دیگر کتب

ان کتب کے علاوہ متعدد نئی کتب اِس وقت طباعت کے مرحلے میں پریس میں ہیں اور عید الفطر کے فوری بعد اسٹال پر دست یاب ہوں گی۔ آپ اپنے اَذہان کی تختیوں پر ان کے نام نقش کرلیں تاکہ عید کے بعد رابطہ کرکے انہیں حاصل کرسکیں:

(1) تصوف کا لغوی اشتقاق اور معنوی استحقاق
(2) تصوف اور لزومِ قرآن و سنت
(3) القواعد المهمة في التصحيح والتحسين والتضعيف ‏والترجيح عند الأئمة
(4) الاكتمال في نشأة علم الحديث وطبقات الرجال
(5) سفر نامہ فرید ملتؒ
(6) آدابِ اِختلاف (ڈاکٹر حسن محی الدین قادری)
(7) سوشل میڈیا کی اخلاقیات (ڈاکٹر حسن محی الدین قادری)
(8) دستور المدينة المنورة – اردو اور انگریزی ورژن (ڈاکٹر حسن محی الدین قادری)

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top