زندگی علم کے بغیر نا مکمل ہے: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

مورخہ: 30 اگست 2022ء

کالج آف شریعہ کے طلبہ سیلاب سے متاثرہ بھائیوں کی مدد کریں
کالج آف شریعہ کے زیراہتمام 25 روزہ تربیتی کورس کی اختتامی تقریب سے خطاب
ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی نے خطاب کیا

Minhaj University College of Sharia training camp

لاہور (30 اگست 2022) کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے زیراہتمام 25 روزہ اسلامی تربیتی کورس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ طلبہ میں خود اعتمادی پیدا کرنا اور ایک بہترین شہری بنانا معلم کی ذمہ داری ہے۔ 21ویں صدی کے سائنس و ٹیکنالوجی کے دور میں طلبہ کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اعلی تعلیمی اداروں کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ اپنے سیلاب سے متاثرہ طلبہ بھائیوں کی مدد کیلئے میدان عمل میں اتریں، حادثات و آفات میں ہی افراد قوم بن کو ابھرتے ہیں۔ انہوں نے کالج آف شریعہ کے اساتذہ اور انتظامیہ کو کامیاب کورس کے انعقاد پر مبارکباد دی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل کالج آف شریعہ ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی نے کہا کہ حصول علم کے لیے دور دارز کا سفر کرنا ہمارے اسلاف کا شیوہ رہا ہے۔ انہوں نے تربیتی کورس کے کوآرڈینیٹر محمد پرویز بلال، اساتذہ کرام اور شریک طلبہ کو مبارکباد پیش کی۔

اختتامی تقریب میں قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا خصوصی پیغام سنایا گیا۔ اپنے پیغام میں شیخ الاسلام نے پرنسپل، اساتذہ، طلبہ اور انتظامیہ کو کامیاب کورس کے انعقاد پر مبارکباد دی اور کہا کہ تعلیم اصل زیور ہے اور انسان کی زندگی تعلیم کے بغیر مکمل نہیں ہوتی، علم ایک ایسی دولت ہے جو انسان کی عزت کو کبھی کم نہیں ہونے دیتا اور اس کے ذریعے دنیا و آخرت میں تکریم نصیب ہوتی ہے۔ کالج آف شریعہ میں نہ صرف آپ کو تعلیم دی جاتی ہے بلکہ آپ کی تربیت کا بھی مکمل اہتمام کیا جاتا ہے، آپ کے نظریات و اعتقادات، اعمال و افعال درست ہوتے ہیں تاکہ آپ معاشرے کا ایک مفید فرد بن کر زندگی کے ہر شعبہ میں اپنی بہترین خدمات انجام دے سکیں۔

تقریب میں ڈاکٹر محمد اکرم رانا، ڈاکٹر شفاقت علی البغدادی الازہری، ڈاکٹر شبیر احمد جامی، صابر حسین نقشبندی، محمد پرویز بلال کوآرڈینٹر شریعہ کالج، اساتذہ اور کالج آف شریعہ کے طلباء نے شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر ناظم اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل نے مقابلہ جات (حسن قراءت، حسن نعت، حسن تقریر اور سپورٹس) میں اول، دوم اور سوم آنے والے طلباء کو انعامات سے نوازا اور کورس میں شریک تمام طلبہ کو سرٹیفیکٹ دیے گئے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top