منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن، ہزاروں متاثرین کو ہائی جین کٹس کی فراہمی

ہائی جین کٹس، انڈرگارمنٹس، ڈیٹرجینٹ پاؤڈر، ٹوتھ پیسٹ، باتھ سوپ، پیڈز پر مشتمل ہے
11 ستمبر کو شکار پور، کالام، ڈیرہ اسماعیل خان میں ہزاروں خاندانوں میں فوڈ بیگز تقسیم ہونگے
امدادی سرگرمیاں جاری رکھنے پر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا اظہار اطمینان
کالام میں صدر کے پی کے عوامی تحریک عثمان خان کی قیادت میں متاثرین میں امداد تقسیم کی گئی

Flood Relief Camp

لاہور (10 ستمبر 2022ء) منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی طرف سے ہزاروں متاثرین سیلاب کو فوڈ بیگز کی فراہمی کے ساتھ ساتھ خصوصی طور پر تیار کروائی گئی ہائی جین کٹس بھی فراہم کی جارہی ہے۔ ہائی جین کٹس ڈیٹرجینٹ پاؤڈرز، باتھ سوپ، ٹوتھ پیسٹ، ٹوتھ برش، انڈرگارمنٹس، پیڈز، مگ پر مشتمل ہے۔

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ایم ڈی فیصل حسین نے بتایا کہ ہماری سرویز ٹیم نے بتایا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مارکیٹیں بند ہونے کی وجہ سے متاثرین کو اشیائے ضروریہ خریدنے میں دقت کا سامنا ہے۔ بالخصوص خواتین کی ضرورت کی اشیاء کی بھی اشد قلت پیدا ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سروے رپورٹ کی روشنی میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن فوڈ بیگز کے ساتھ ساتھ متاثرین کو ہائی جین کٹس بھی فراہم کررہی ہے۔

دریں اثناء منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام 11 ستمبر بروز اتوار شکار پور، لاڑکانہ، جیکب آباد، ٹھل گھوٹکی میں 2 ہزار خاندانوں میں راشن بیگ، ہائی جین کٹس اور دیگر اشیائے ضروریہ تقسیم کی جائیں گی، جس کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور ڈیرہ اسماعیل خان، رنگ پور اڈہ پہاڑ پور میں سینکڑوں متاثرین سیلاب کے لئے راشن بیگز اور دیگر اشیائے ضروریہ کے ٹرک لے کر پہنچ گئے ہیں جو 11 ستمبر کو متاثرین میں تقسیم کئے جائیں گے۔

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی طرف سے کالام میں پاکستان عوامی تحریک خیبر پختونخوا کے صدر عثمان خان کی قیادت میں امدادی اشیاء تقسیم کی گئیں۔ اس ضمن میں ایک خصوصی ٹیم جو مشتاق احمد، عبدالحفیظ چودھری، قاضی محمود الاسلام، یاسر احمد پر مشتمل ہے کالام میں امدادی سرگرمیوں کے لئے موجود ہے۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے منہاج القرآن کے مرکزی قائدین اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے سینکڑوں رضا کاروں اور عہدیداروں کو بلاتکان امدادی سرگرمیاں جاری رکھنے پر مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ رب العزت متاثرین سیلاب کی مشکلات آسان کرے اور وہ جلد سے جلد اپنے پاؤں پر کھڑے ہو سکیں۔ چیئرمین سپریم کونسل نے تحریک منہاج القرآن کی جملہ تنظیمات کی طرف سے فلڈ ریلیف سرگرمیاں کرنے اور زیادہ سے زیادہ امدادی اشیاء جمع کرنے کے لئے انجام دی جانے والی خدمات کو سراہا اور اس کے لئے اجر عظیم کی دعا کی۔

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے کوآرڈینیٹر انجینئر محمد ثناء اللہ، اشتیاق حنیف مغل، منصور قاسم اعوان امدادی سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کررہے ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top