منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے رضا کار سیلاب متاثرین کی مدد میں مصروف ہیں: انجینئر ثناء اللہ

مخیر حضرات ایثار مدینہ کی روایت کے امین بنتے ہوئے سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے آگے آئیں
متاثرہ علاقوں میں کچن قائم کر کے متاثرین سیلاب کو تازہ پکا ہوا کھانا تقسیم کیا جا رہا ہے
سیلاب متاثرہ علاقوں میں 50 سے زائد میڈیکل کیمپ قائم کر چکے ہیں:کوآرڈینیٹر فلڈ ریلیف

فلڈ ریلیف

لاہور (17 ستمبر 2022ء) منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے کوآرڈینیٹر فلڈ ریلیف انجینئر ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے رضا کار چاروں صوبوں میں سیلاب متاثرین کی مدد اور دلجوئی میں مصروف ہیں۔ مخیر حضرات ایثار مدینہ کی روایت کے امین بنتے ہوئے سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے آگے آئیں۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن جنوبی پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخواہ کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں 50 سے زائد میڈیکل کیمپ قائم کر چکی ہے۔

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ذمہ داران کی کوشش ہے کہ جہاں جہاں ممکن ہے وہاں میڈیکل کیمپوں میں لیڈی ڈاکٹرز کی سہولت بھی متاثرین سیلاب کو دی جائے۔ ایک میڈیکل کیمپ میں روزانہ 8 سوسے زائد مریضوں کا طبی معائنہ کیا جاتا ہے اور انہیں ادویات مہیا کی جاتی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے عہدیدران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اشتیاق حنیف مغل، منصور قاسم اعوان، اختر عباس، شاہد راجپوت، محمد خاور، حافظ محمد معظم، عبد اللہ سعدی و دیگر عہدیدران موجود تھے۔

ثناء اللہ خان نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر مریضوں کی سکرینگ بھی کی جارہی ہے اور اس حوالے سے انہیں ضروری ادویات بھی دی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے رضا کار ملک کے چاروں صوبوں میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں موجودہ ہیں، راجن پور، جام پور، فاضل پور، روجھان، ڈیرہ غازی خان میں خیمہ بستیاں قائم کر دی گئی ہیں ان خیمہ بستیوں میں خوراک، پانی، بجلی، سکول، مسجد، صحت اور دیگر تمام ضروریات کا خیال رکھا جا رہا ہے۔ مزید کئی متاثرہ علاقوں میں خیمہ بستیاں آباد کرنے کے پلان کو حتمی شکل دے چکے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن پہلے دن سے ہی سیلاب متاثرہ علاقوں میں کام کر رہی ہے۔ راشن کی تقسیم، بستر، چارپائیاں، گرم کپڑے، ادویات، برتن، مچھر دانیوں کی تقسیم کے ساتھ ساتھ متاثرہ علاقوں میں کچن بھی قائم کئے گئے ہیں جہاں سے متاثرین سیلاب کو پکا ہوا کھانا بھی تقسیم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملک میں جہاں جہاں بھی سیلاب آیا ہے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ان تمام مقامات پر ریلیف کا کام کر رہی ہے۔ جنوبی پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخواہ میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں اور متاثرین کی بحالی تک جاری رہیں گی۔

انہوں نے کہاکہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ریلیف کے کام دو مراحل میں کر رہی ہے پہلا اور فوری مرحلہ ریلیف اور ریسکیو کا تھا، جس میں متاثرین کو کھانا، راشن، کپڑے، پانی، ادویات، خیمے، چارپائیاں فراہم کی جا رہی ہیں، جلد ہی اپنے دوسرے مرحلے متاثرین کی بحالی کیلئے کام شروع کریں گے اس میں گھروں، مساجد اور مدارس کی تعمیر نو کیلئے پلان بنایا گیا ہے۔

فلڈ ریلیف

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top