نیشنل مشائخ کونسل کے مرکزی قائدین کی ڈاکٹر حسن محی الدین قادری سے ملاقات

شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری اور ادارہ منہاج القرآن کی دینی خدمات کو سراہا
چیئرمین سپریم کونسل نے علماء و مشائخ کو عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی

National Mashaykh Council meets Dr Hussain Mohi ud Din Qadri

لاہور (21 ستمبر 2022ء) نیشنل مشائخ کونسل پاکستان کے مرکزی قائدین کے وفد نے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ وفد نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور ادارہ منہاج القرآن کی دینی خدمات کو سراہا۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے علماء و مشائخ کو خوش آمدید کہا اور کہا کہ ہمارا مقصد حیات آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات کو اس کی روح کے مطابق موجودہ اور آئندہ نسلوں تک پہنچانا ہے۔ علماء قرآن و سنت کی تعلیمات کے محافظ و وارث ہیں اور دعوتِ دین کا فروغ ہم سب پر واجب ہے۔ انہوں نے ملاقات کے لئے آئے ہوئے علماء و مشائخ کو منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیراہتمام 11 اور 12 ربیع الاول کی شب مینار پاکستان لاہور کے سبزہ زار میں منعقد ہونے والی عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے بتایا کہ عالم عرب سے جید علماء و شیوخ کانفرنس میں شرکت کر رہے ہیں۔

وفد میں دیوان عظمت محمود آستانہ عالیہ پاکپتن شریف مرکزی رہنما نیشنل مشائخ کونسل پاکستان، خواجہ غلام قطب الدین فریدی سجادہ نشین آستانہ عالیہ گڑھی شریف صدر نیشنل مشائخ کونسل پاکستان، صاحبزادہ سعید احمد صابری سجادہ نشین آستانہ عالیہ اوکاڑہ شریف صوبائی صدر نیشنل مشائخ کونسل پاکستان، پیر سید محمد تنویر بخاری ایگزیکٹو ممبر نیشنل مشائخ کونسل پاکستان، صاحبزادہ سید سلیمان قمر سجادہ نشین آستانہ عالیہ ماہنی شریف صدر نیشنل مشائخ کونسل پاکستان ضلع جھنگ شامل تھے۔

خواجہ غلام قطب الدین فریدی نے کہا کہ اس وقت اُمت فتنوں کی زد پر ہے۔ فتنے بارش کی طرح ہورہے ہیں۔ علماء کی یہ اولین ذمہ داری ہے کہ وہ نفرتوں کو محبتوں میں بدلیں۔ بالخصوص نوجوانوں کو علم، امن اعتدال اور رواداری کی تعلیم دیں۔ علماء و مشائخ کے وفد نے حضور داتا گنج بخش علی ہجویری رحمۃ اللہ علیہ کے عرس مبارک کے موقع پر منعقدہ عالمی کانفرنس سے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کے فکر انگیز خطاب پر انہیں زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ اس خطاب کو سوشل میڈیا پر زبردست پذیرائی حاصل ہوئی اور حضور داتا گنج بخش رحمۃ اللہ علیہ کی تعلیمات کو نوجوانوں تک پہنچانے میں مدد ملی۔ مشائخ نے کہا کہ اس خطاب کو علمی حلقوں میں بھی بے حد سراہا گیا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top