منہاج القرآن لاہور کی ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس، ضلعی عہدیداران کی شرکت

ٹاؤنز اور یونین کونسلز سے استقبال ربیع الاول مشعل بردار جلوس نکالے جائیں گے، فیصلہ
مغلپورہ، مناواں، چوہنگ، داروغہ والا، سمن آباد رائے ونڈ سے مشعل بردا جلوس نکالے جائیں گے
رسول اکرم ﷺ کی ذات مبارکہ امت مسلمہ کے درمیان نکتہ اتحاد ہے:رانا نفیس حسین قادری
لاہور کے ہر فرد کو 40 ویں عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی جائیگی: صدر منہاج القرآن لاہور

Executive Council Ijlas of Minhaj ul Quran Lahore

لاہور (8 ستمبر2023) تحریک منہاج القرآن کی ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن لاہورمیں صدر لاہور رانا نفیس حسین قادری کی صدارت میں منعقد ہوا۔ نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس نے اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔

اجلاس میں استقبال ربیع الاول کے سلسلے میں لاہور کے تمام علاقوں سے ہر سال کی طرح اس سال بھی استقبال ربیع الاول مشعل بردار جلوس نکالنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں استقبال ربیع الاول مشعل بردار جلوسوں کے روٹس اور شیڈول کو حتمی شکل دی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لاہور کی تمام تحصیلوں، ٹاؤنز اور یونین کونسلز سے استقبال ربیع الاول کے سلسلے میں مشعل بردا جلوس نکالے جائیں گے، عوامی رابطہ مہم شروع کی جائے گی۔ لاہور کے ہر فرد کو مینار پاکستان میں منعقد ہونے والی 40ویں عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی جائے گی۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ مشعل بردار جلوسوں میں عوام الناس، تاجر، طلبا، سیاسی، سماجی اور مذہبی رہنماؤں کو بھی شرکت کی خصوصی دعوت دی جائے گی۔

اجلاس میں ناظم لاہور چوہدری امجد حسین، نائب صدر پروفیسر ذوالفقار علی، کیپٹن (ر) عبد المجید، غلام شبیر جامی، علامہ شاہد اقبال یوسفی، حاجی امجد حسین، رمضان ایوبی، ڈاکٹر سلطان محمود سمیت ضلعی صدور، ناظمین، پی پی صدور اور پی پی ناظمین نے شرکت کی۔

اجلاس میں اعلان کیا گیا کہ 16 ستمبر کو بعد نماز مغرب مغل پورہ چوک سے شالا مار چوک تک، 17 ستمبر کو مانگا منڈی سے رائے ونڈ تک، مانواں سے باٹا پور تک، بلال کالونی سے داروغہ والا چوک تک، 19 ستمبر کو سراج پورہ سے سید روڈ تک، 26 ستمبر کو چوہنگ سے ٹھوکر نیاز بیگ، 22 ستمبر کوٹ خواجہ سعید، سمن آباد، شاہدرہ، ماڈل ٹاؤن، ٹاؤن شپ، واپڈا ٹاؤن، اقبال ٹاؤن، چونگی امر سدھو، سبزہ زار، بادامی باغ سے استقبال ربیع الاول مشعل بردار جلوس نکالے جائیں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مشعل بردار جلوسوں کے اختتام پر محافل میلاد النبی ﷺ کا انعقاد کیا جائے گا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رانا نفیس حسین قادری نے کہا کہ رسول اکرم ﷺ کی ذات مبارکہ امت مسلمہ کے درمیان نکتہ اتحاد ہے۔ عشق رسول ﷺ ہی اتحاد امت کی بنیاد ہے۔ کامل ایمان کیلئے محبت رسول کو دوسری تمام محبتوں پر غالب کرنا لازم ہے۔ انہوں نے کہا کہ 40 ویں عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریاں بھی شروع کر دی گئی ہیں۔عالمی میلاد کانفرنس میں لاہور سے لاکھوں لوگ شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ کی ولادت سے بڑھ کر کوئی اور خوشی نہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top