مالدیپ کے سابق صدر منہاج یونیورسٹی لاہور کے لیے پروفیسر مقرر

مورخہ: 29 مارچ 2024ء

انڈونیشیا کے سابق وزیرداخلہ، اور سنگا پور کے روہن گونا رتنا بھی پروفیسر مقرر
بطور پروفیسر تعیناتی ان کی تعلیم اور امن کے شعبہ میں ممتاز خدمات کا اعتراف ہے: پروفیسر ڈاکٹر حسین قادری

Former President of Maldives appointed professor for Minhaj University Lahore

لاہور (29 مارچ 2024) منہاج یونیورسٹی لاہور نے تین عالمی ماہرین تعلیم کی تعلیم، امن اور سلامتی کے میدانوں میں نمایاں خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں پروفیسر مقرر کر دیا ہے۔ ان ممتاز پروفیسرز میں مالدیپ کے پانچویں صدر ڈاکٹر محمد وحید حسن مانک، انڈونیشیا کے وزیر داخلہ پروفیسر جنرل ٹیٹو کارناوین اور پروفیسر روہن گونارتنا شامل ہیں۔ ان کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن منہاج یونیورسٹی لاہور کے بورڈ آف گورنرز کے ڈپٹی چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے 29 مارچ 2024 کو جاری کر دیا ہے۔

ڈاکٹر وحید نے امریکہ کی سٹینفورڈ یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی اور وہ مالدیپ کے صدر رہے ہیں جبکہ اس سے قبل وہ یونیسیف، یو این ڈی پی اور یونیسکو کے ساتھ خدمات انجام دے چکے ہیں۔ڈاکٹر ٹیٹو نے سنگاپور کی نانیانگ ٹیکنولوجیکل یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ اس سے قبل وہ انڈونیشیا میں چیف آف پولیس، نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم ایجنسی کے چیف اور سپیشل ڈیٹیچمنٹ 88 کے چیف رہ چکے ہیں۔ پروفیسر گونارتنا نے سینٹ اینڈریوز یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ آپ بین الاقوامی تحقیقاتی مرکز برائے سیاسی تشدد و دہشت گردی کے بانی سربراہ اور این ٹی یو کے راجارتنم اسکول آف انٹرنیشنل اسٹڈیز میں سیکیورٹی اسٹڈیز کے پروفیسر ہیں۔

منہاج یونیورسٹی کے ڈپٹی چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ان تینوں شخصیات نے اپنے اپنے شعبوں میں انتہائی عرق ریزی سے کام کر کے ایک ممتاز مقام حاصل کیا ہے اور منہاج یونیورسٹی لاہور انہیں ممتاز پروفیسرز کے طور پر تعینات کر کے ان کی عزت افزائی کرنا چاہ رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک ہم آہنگ دنیا کی تعمیر کے لئے ہمیں ایسے پرعزم رہنماؤں کی ایک نسل تیار کرنے کی ضرورت ہے جو عالمی امن اور ہم آہنگی کے لئے ہمہ وقت کمر بستہ ہوں اور اس سلسلے میں یونیورسٹی ان تینوں شخصیات سے رہنمائی کی درخواست کرتی ہے۔

شیخ الاسلام پروفیسرڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی طرف سے 1986ء میں قائم کردہ منہاج یونیورسٹی میں کمپیوٹر سائنس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی، بنیادی سائنسز اور ریاضی، اکنامکس اینڈ مینجمنٹ سائنسز، سوشل سائنسز اور ہیومینٹیز، مختلف عالمی زبانوں، شریعت اور اسلامی اسٹڈیز، انجینئرنگ، الائیڈ ہیلتھ سائنسز، اپلائیڈ سائنسز، قانون اور فارمیسی سمیت گیارہ فیکلٹیز کام کر رہی ہیں اور ان فیکلٹیز میں 150 سے زیادہ انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ پروگرام پیش کئے جا رہے ہیں۔

منہاج یونیورسٹی لاہور پاکستان کی پہلی یونیورسٹی ہے جس نے سکول آف پیس اور کاؤنٹر ٹیررازم اسٹڈیز قائم کیا ہے۔ دنیا بھر میں اعتدال، رواداری اور بقائے باہمی کو فروغ دینے کے لئے منہاج یونیورسٹی میں بین الاقوامی کانفرنسوں کے انعقاد کا ایک سلسلہ بھی جاری ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top