نوجوان اہل علم اور صاحبان تقویٰ کی مجالس میں بیٹھیں: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری
زمانہ طالبعلمی میں کی جانے والی محنت زندگی کے آخری سانس تک کام آتی ہے
چیئرمین سپریم کونسل کا کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسزکے طلباء کی تربیتی نشست سے خطاب
لاہور(11 اکتوبر2024) چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا ہے کہ نوجوان خود کو بری صحبتوں سے بچائیں۔ اپنے ایمان، اخلاق، کردار اور وقت کی قدر اور حفاظت کریں۔ اہل علم اور صاحبان تقویٰ کی مجالس میں بیٹھیں۔ زمانہ طالبعلمی کا ہر لمحہ حصول علم پر صرف کریں۔ صالح دوست کر ذریعے زندگی اسلامی سانچے میں ڈھلتی ہے اور برے دوست کی دوستی کی وجہ سے انسان تعلیمات اسلامی سے روگردانی اختیار کرتا ہے۔ دین اسلام نے ہمیں دوستی کا صحیح تصور عطا فرمایا ہے۔ قرآن مجید میں اللہ رب العزت کا فرمان ہے کہ ”اے ایمان والو اللہ سے ڈرتے رہو اور اہل صدق(کی معیت) میں شامل رہو۔ دین اسلام نے ہمیں دوستی کا جو ضابطہ اور اصول فراہم کیا ہے وہ صداقت پر مبنی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے نیو کیمپس میں طلباء کی تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے رفاقت و دوستی کی اہمیت کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ حقیقی دوست وہ ہوتا ہے جسے دیکھ کر اللہ تعالی یاد آئے اور یہ یقین بھی ہو کہ وہ قیامت کے دن میرے کام آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ رفاقت تین طرح کی ہوتی ہے اپنے سے اَفضل کے ساتھ (یعنی مرید کی شیخ کے ساتھ) یہ سنگت خدمت اور اَدب کا تقاضا کرتی ہے۔ اپنے سے کم تر کے ساتھ رفاقت رحمت و شفقت کا تقاضا کرتی ہے۔ اپنے ہم عمر اور ہم عصر کے ساتھ رفاقت ایثار اور قربانی کا تقاضا کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ہر طرح کی رفاقت کو اپنائے ہوئے ہیں۔ دین دار سے محبت رکھو تاکہ اس کے اخلاق و عادات کا اثر آپ پر قائم رہے۔ دنیا دار کے ساتھ رفاقت ناشکری کا باعث بنتی ہے، جو اللہ سے دور کر دیتی ہے۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے طلبا کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ جس درس گاہ میں رہیں، اس کا اَدب ملحوظ رکھیں۔ جس ہستی سے فیض یاب ہوں، جس سے علم حاصل کریں، اُس کے آداب کو خود پر لازم کر لیں۔ انہوں نے کہاکہ زمانہ طالبعلمی میں کی جانے والی محنت زندگی کے آخری سانس تک کام آتی ہے۔
پرنسپل کالج آف شریعہ ڈاکٹر محمد ممتاز الحسن باروی و دیگر اساتذہ نے چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کو نیو کیمپس آمد پر خوش آمدید کہا اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ اس موقع پر وائس پرنسپل مجیب الرحمٰن ملک، انجنیئر محمد رفیق نجم، رانا محمد اکرم، سید افتخار احمد شاہ، سید سجاد حیدر، مظہر عباس، محمد بوٹا اور دیگر اساتذہ کرام بھی موجود تھے۔
تبصرہ