ولایت محبت الہیٰ اور دنیاوی خواہشات سے کنارہ کشی کا نام ہے: حافظ سعید رضا بغدادی

روحانی ترقی کے لیے اخلاص، صبر اور شریعت کی پیروی لازمی ہے: ڈائریکٹر ای پی ڈی
گیارہویں شریف کے موقع پر تعلیماتِ غوث الاعظم پر منعقدہ تقریب سے خطاب

Hafiz Saeed Raza Baghdadi

لاہور (23 نومبر2024) ڈائریکٹر نظامت ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ڈیویلپمنٹ تحریک منہاج القرآن حافظ محمد سعید رضا بغدادی نے منہاج القرآن لاہور کے زیر اہتمام گیارہویں شریف کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور غوث الاعظم شیخ عبدالقادر جیلانی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی تعلیمات اسلامی روحانیات کی بنیاد ہیں، جنہیں آپ نے اپنی شہرۂ آفاق کتاب غنیتہ الطالبین میں تفصیل سے بیان کیا۔ حضور غوث الاعظم نے نصاب ولایت کی وضاحت کرتے ہوئے فرمایا ہےکہ ولایت کا حصول اللہ تعالیٰ کی محبت، شریعت کی پابندی، اور دنیاوی خواہشات سے کنارہ کشی سے مشروط ہے۔ ایک ولی وہ ہے جو اپنے اعمال، افکار اور زندگی کے ہر پہلو میں اللہ کے احکام کو مقدم رکھے اور مخلوقِ خدا کے لیے ہمدردی و محبت رکھتا ہو۔ آپ کی تعلیمات ہمیں یہ سکھاتی ہیں کہ روحانی ترقی کے لیے اخلاص، صبر اور شریعت کی پیروی لازمی ہے۔

انہوں نے کہاکہ غنیتہ الطالبین میں مقامِ ولایت کے حوالے سے غوث الاعظم نے فرمایا کہ ولی وہ ہستی ہے جو اپنی ذات کو فنا کر کے اللہ کے قریب ہو جاتا ہے۔ اس مقام پر پہنچنے کے لیے عبادات کے ساتھ ساتھ تقویٰ، خوف خدا اور محبت الٰہی کا ہونا لازمی ہے۔ ولایت کوئی موروثی عہدہ نہیں بلکہ یہ انسان کی اندرونی طہارت، نیت کی پاکیزگی اور اللہ سے تعلق کی گہرائی کا نتیجہ ہے۔ ایک ولی کا اصل کام مخلوق کو اللہ کی جانب دعوت دینا اور انہیں دینی و روحانی تعلیمات کے ذریعے راہِ حق پر گامزن کرنا ہے۔

تقریب کے میزبان پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر ثاقب بھٹی نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ تقریب میں نظامت ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ڈیولپمنٹ کے علامہ انجینئر محمد سرفراز قادری اور علامہ احمد وحید قادری نے خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر تحریک منہاج القرآن کے سینئر رہنماؤں حاجی اسحاق، شہزاد رسول، علامہ طاہر علی مصطفوی، اصغر ساجد اور پروفیسر سخی سمیت کارکنان اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top