دین اسلام متوازن زندگی گزارنے کا درس دیتا ہے: ڈاکٹر حسین محی الدین قادری
مادیت پرستی انسان کو خود غرض، بے حس اور غافل بنا تی ہے: صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل
جب انسان اپنے اندر کی آواز سنتا ہے تو اسے مقصدِ حیات ملتا ہے
جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹائون میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب
لاہور (20 دسمبر2024) صدر تحریک منہاج القرآن پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا ہے کہ دین اسلام ہمیں متوازن زندگی گزارنے کا درس دیتا ہے، جس میں دنیا اور آخرت دونوں کا خیال رکھا جائے نبی اکرم ﷺ کی تعلیمات ہمیں یہ سکھاتی ہیں کہ مال و دولت حاصل کرنا غلط نہیں لیکن یہ اس وقت تک اچھا ہے جب تک انسان کے اخلاق اور ایمان کو متاثر نہ کرے۔ مادیت پرستی کے اثرات نہایت خطرناک ہیں یہ انسان کو خود غرض، بے حس اور دوسروں کے حقوق سے غافل بنا دیتی ہے۔ آج معاشرتی ناہمواری بڑھ رہی ہے، تعلقات کمزور ہو رہے ہیں اور دلوں میں محبت اور ہمدردی کی جگہ حسد اور نفرت نے لے لی ہے۔ جو لوگ مقصد حیات پا لیتے ہیں وہ نتیجے کی پرواہ کئے بغیر محنت کرتے رہتے ہیں۔ اسلام اور تصوف میں اس کیفیت کو تقوی و قناعت کہتے ہیں۔
اللہ رب العزت نے اس کائنات میں کسی بھی انسان کو بے مقصد پیدا نہیں فرمایا یہ الگ بات کہ وہ انسان اپنا مقصد سمجھ نہ پائے ہرانسان کو اپنے مقصد کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ بدقسمتی سے آج کے دور میں نوجوان نسل ایک دوڑ میں شامل ہو چکی ہے جس کا مقصد صرف اور صرف دنیاوی فوائد حاصل کرنا ہے۔ زندگی کے اعلی مقاصد کو فراموش کرتے ہوئے ہم نے اپنی توجہ صرف مادیت پر مرکوز کر دی ہے۔ روحانی اقدار، اخلاقیات اور انسانیت کے اصل جوہر کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹائون میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے سوشل سرکل ہماری سوچوں کو ڈسٹرب کردیتے ہیں جس کی وجہ سے انسان کی حقیقی مقصد سے نگاہ ہٹ جاتی ہے اور دنیا کی فضولیات میں مصروف ہوجاتا ہے۔ ہم سب کو اپنے اندر مقصد حیات کے شعور کو پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ طبیعت حالات سے وجود میں آتی ہے جبلت اللہ نے ازل سے اس کے وجود میں رکھ دی ہے۔ انہوں نے کہاکہ جب انسان اپنے اندر کی آواز سنتا ہے تو اسے مقصدِ حیات ملتا ہے۔ حالات کے تناظر میں پیدا ہونے والی طبیعت عموماً گمراہ کر دیتی ہےمقصدِ حیات کا شعور جن لوگوں کو اللہ عطاء کرتا ہے وہ ہر وقت سوچ و بچار میں رہتے ہیںجن کو مقصدِ حیات کی لگن لگ جاتی ہے تو پھر وہ علم الیقین سے عین الیقین کی طرف جاتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اللہ ہمیں مادیت پرستی کے فتنے سے بچائے اور ہمیں وہ شعور عطا کرے کہ ہم دنیا کے ساتھ ساتھ اپنی آخرت سنوارنے کی فکر کریں۔
تبصرہ