پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کا جامع شیخ الاسلام میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب
صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے جامع شیخ الاسلام، ماڈل ٹاؤن لاہور میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماہِ رجب المرجب میں اللہ تعالیٰ نے ہمیں عظیم تحفہ نماز عطا کیا۔ نماز صرف آخرت میں کامیابی کا ذریعہ نہیں بلکہ دنیاوی مسائل اور مصائب کا حل بھی ہے۔ مسلمان اور غیر مسلم کے درمیان فرق واضح کرنے والی علامت نماز ہے۔ افسوس ہے ان نمازیوں کے لیے جو نماز کو پورے حقوق کے ساتھ ادا نہیں کرتے۔
ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ عجلت میں کیے جانے والے کام خیر سے محروم رہتے ہیں۔ جلد بازی شیطانی رنگ جبکہ اطمینان و سکون رحمانی رنگ ہے۔ عبادات اور روزمرہ کے معمولات وقار اور اطمینان سے انجام دیں۔ اسلام ہمیں وقت کی پابندی، یکسوئی، حلم، اور اطمینان سکھاتا ہے۔ مومن جلد باز نہیں ہو سکتا۔ افراتفری اور جلد بازی میں کی جانے والی نمازیں اور سجدے بھی کچھ فائدہ نہیں دے سکتے۔
ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے مزید کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ کے اخلاقِ کریمانہ اعتدال اور میانہ روی کا حسین نمونہ تھے۔ آپ ﷺ نے کسی بھی معاملے میں حد سے تجاوز نہ کیا اور یہی تعلیم امت کے لیے ہے۔ امت محمدیہ کو امتِ اوسط کا مقام حاصل ہے، یعنی یہ کسی معاملے میں حد سے نہیں بڑھتی۔ نوجوان اپنی زندگیوں میں نظم و ضبط پیدا کریں اور ہر کام وقت پر انجام دیں کیونکہ وقت کی سب سے بڑی قدر یہی ہے۔
انہوں نے قرآن کی اس تعلیم پر روشنی ڈالی کہ جو لوگ اپنی نمازوں میں غفلت کرتے ہیں، ان کے لیے وعید ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے لوگ اپنی نماز کو اطمینان اور خشوع کے ساتھ ادا نہیں کرتے۔ نبی اکرم ﷺ نے تاکید کی کہ ہر رکن کو پورے وقار اور سکون کے ساتھ ادا کیا جائے۔ آپ ﷺ نے فرمایا کہ "نماز میں سستی اور لاپرواہی اللہ کے قریب لے جانے کی بجائے انسان کو دور کر دیتی ہے۔"
انہوں نے ایک روایت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ قیامت کے دن بندے سے سب سے پہلے نماز کا حساب ہوگا۔ اگر یہ صحیح ہوئی تو کامیابی اور نجات ملے گی، ورنہ نقصان اٹھائے گا۔ خطاب کے اختتام پر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے مختلف ائمہ اور اولیاء کے واقعات بیان کیے اور تعدیلِ ارکان کے ساتھ نماز ادا کرنے کی ترغیب دی۔
آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام مسلمانوں کو نماز کا عرفان عطا فرمائے، نماز میں غفلت کرنے والوں کو ہدایت دے، اور ہمیں اپنی بارگاہِ قربت میں جگہ عطا فرمائے۔ آمین۔
تبصرہ