دمبالو، سندھ: تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام ختمِ نبوت کانفرنس سے پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کا خصوصی خطاب

Dr

تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام دمبالو، سندھ میں منعقدہ ختمِ نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے عقیدہ ختمِ نبوت کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے واضح کیا کہ تاجدارِ کائنات حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ نے خود اپنے آخری نبی ہونے کا اعلان فرمایا، اور اس حقیقت کو قرآن و حدیث سے ثابت کیا۔

انہوں نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ کی روایت کردہ حدیث مبارکہ کا حوالہ دیتے ہوئے فرمایا کہ نبی اکرم ﷺ نے اپنی نبوت کی مثال ایک حسین و جمیل گھر سے دی، جس میں ایک اینٹ کی جگہ باقی تھی۔ آپ ﷺ نے فرمایا:

میری اور مجھ سے پہلے انبیاء کی مثال ایسی ہے جیسے کسی شخص نے ایک حسین و جمیل گھر بنایا، مگر ایک اینٹ کی جگہ چھوڑ دی۔ لوگ اس گھر کے گرد گھومتے، اس کی خوبصورتی پر تعجب کرتے اور کہتے: کاش یہ اینٹ بھی لگا دی جاتی! تو میں وہی اینٹ ہوں اور میں خاتم النبیین ہوں۔

اس حدیث سے واضح ہوتا ہے کہ نبوت کی عمارت آپ ﷺ کے ذریعے مکمل ہو چکی ہے اور آپ ﷺ کے بعد کوئی نبی نہیں آئے گا۔

پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے مزید کہا کہ قرآن مجید میں بھی اللہ تعالیٰ نے عقیدہ ختمِ نبوت کو واضح طور پر بیان فرمایا ہے۔

انہوں نے سورۃ الأعراف کی آیت کا حوالہ دیا، جس میں ارشادِ باری تعالیٰ ہے:

قُلْ يَا أَيُّهَا النَّاسُ إِنِّي رَسُولُ اللَّهِ إِلَيْكُمْ جَمِيعًا.

(سورۃ الأعراف: 158)

ترجمہ: فرما دیجیے: اے لوگو! بے شک میں تم سب کی طرف اللہ کا رسول ہوں۔

انہوں نے فرمایا کہ اس آیت میں اللہ تعالیٰ نے نبی اکرم ﷺ کو پوری انسانیت کے لیے رسول بنا کر بھیجنے کا اعلان فرمایا، جو اس حقیقت کو ثابت کرتا ہے کہ آپ ﷺ کے بعد کوئی نبی نہیں آئے گا اور امتِ مسلمہ آخری امت ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ عقیدہ ختمِ نبوت کے تحفظ کے لیے ضروری ہے کہ ہم اپنی عملی زندگی کو سنتِ مصطفیٰ ﷺ کے مطابق ڈھالیں۔ اس عقیدے کا دفاع صرف زبانی دعووں سے ممکن نہیں، بلکہ اس کے لیے ہمیں اپنے کردار، اخلاق اور دین داری کو بہتر بنانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ آقا کریم ﷺ چھوٹے سے چھوٹے فرد کو بھی عزت دیتے تھے، مگر آج ہم اپنے بڑوں کا بھی احترام نہیں کرتے۔ اگر ہم اپنے رویے درست کرلیں اور نبی اکرم ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوں، تو یہی عقیدہ ختمِ نبوت کا سب سے مضبوط دفاع ہوگا۔

اس ختمِ نبوت کانفرنس میں تحریک منہاج القرآن کے عہدیداران، علماء کرام، مشائخ عظام اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کے فکرانگیز اور مدلل خطاب کو عقیدہ ختمِ نبوت کے دفاع میں ایک اہم رہنمائی قرار دیا۔

پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے اپنے خطاب کے اختتام پر دعا فرمائی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں عقیدہ ختمِ نبوت پر ہمیشہ ثابت قدم رکھے اور ہمیں نبی اکرم ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین!

ختمِ نبوت کانفرنس دمبالو، ضلع بدین، سندھ میں اہم شخصیات کی شرکت ہوئی جن میں پیر آغا محمد ایوب جان سرہندی، مظہر محمود علوی، پیر سید وجاہت علی چشتی گولڑوی، علامہ محمد مشتاق نقشبندی، علامہ یار محمد جانی، حافظ محمود احمد قادری، سید سلمان شاہ، پیر محمد ہارون خان قادری، سید عدنان شاہ، حافظ محمد صالح، حاجی شکیل احمد آرائیں (سابقہ ناظم دمبالو)، ڈاکٹر محمد الیاس جٹ اور چوھدری اختر رضا شامل تھے۔ تنظیمی ذمہ داران میں ندیم احمد نقشبندی (صدر PAT سندھ)، ریاض احمد نقشبندی (ڈویژنل کوآرڈینیٹر میرپور خاص)، شبیر احمد کھرل (صدر TMQ دمبالو)، محمد طارق مصطفوی (صدر TMQ ڈگری)، مشتاق احمد قائم خانی، حفیظ اللہ بلوچ، محمد فرحان منہاج، علی قریشی (مرکزی نائب صدر MSM)، اور محمد یاسر کھوسو (صدر MSM سندھ) شامل ہیں۔

پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین نے کانفرنس کے شاندار انعقاد پر جملہ منتظمین کو مبارکباد دی اور تنظیمی امور میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے تحریک منہاج القرآن و جملہ فورمز کے ذمہ داران و کارکنان کو اسناد بھی دیں۔

Dr

Dr

Dr

Dr

Dr

Dr

Dr

Dr

Dr

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top