شب برأت شب مغفرت ہے: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

حقیقی کامیابی اسی میں ہے کہ انسان اپنے رب کی رضا کے لیے نیک اعمال اختیار کرے

Shaykh ul Islam Message on Miraj al nabi ﷺ

لاہور (13 فروری 2025) بانی و سرپرست تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے شب برأت کے مقدس اور بابرکت موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ اللہ رب العزت نے جس طرح انبیائے کرام کو انسانوں میں، اور رمضان المبارک کو مہینوں میں ممتاز مقام عطا کیا، اسی طرح راتوں میں شب برأت کو فضیلت بخشی ہے۔ یہ رحمت، مغفرت اور نجات کی رات ہے، جس میں اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کو بے پایاں بخشش اور کرم سے نوازتا ہے۔ شب کے معنی رات اور برأت کے معنی چھٹکارے کے ہیں، یعنی یہ رات گناہوں سے نجات، رحمتِ الٰہی کے نزول اور دعا کی قبولیت کی رات ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس بابرکت رات میں صالحین کی زندگیوں سے رہنمائی حاصل کرنی چاہیے کہ وہ کیسے اللہ کی رضا کے لیے عبادت کیا کرتے تھے۔ اس رات کا تقاضا ہے کہ ہر مسلمان اپنے گزشتہ اعمال کا محاسبہ کرے، دل کی گہرائیوں سے ندامت کے ساتھ توبہ کرے اور آئندہ زندگی کو نیکی و پرہیزگاری کے سانچے میں ڈھالنے کا عہد کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دعا ایک ایسی عبادت ہے جو تقدیر کو بھی بدل سکتی ہے، اور شعبان کی 15 ویں شب اللہ کی خاص رحمت بندوں کی دعاؤں کی منتظر رہتی ہے کہ کب کوئی دل سے پکارے اور خالقِ کائنات اس کی فریاد کو شرفِ قبولیت بخشے۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ امتِ مسلمہ کو چاہیے کہ وہ اس مبارک رات کو غنیمت جانے، اللہ کے حضور عاجزی و انکساری کے ساتھ جھکے، گناہوں سے سچی توبہ کرے اور آئندہ زندگی کو احکامِ الٰہی اور تعلیماتِ نبوی ﷺ کے مطابق گزارنے کا پختہ عزم کرے۔ حقیقی کامیابی اسی میں ہے کہ انسان اپنے رب کی رضا کے لیے نیک اعمال اختیار کرے، رزقِ حلال کمائے، حقوق العباد کی ادائیگی میں کوتاہی نہ کرے اور دل کو محبتِ الٰہی اور عشقِ رسول ﷺ سے معمور کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ خوشحالی کے دنوں میں اللہ کی بارگاہ میں جھکنے والا شخص آزمائش کے وقت بھی اس کی خاص رحمت کا حقدار ٹھہرتا ہے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم اللہ کے حضور ہمیشہ رجوع میں رہیں، اس کی عطا پر شکر گزار ہوں اور اس کی ناراضگی سے بچنے کی ہر ممکن کوشش کریں۔ شب برأت کی یہ مقدس ساعتیں ہمیں اپنے گناہوں سے معافی مانگنے اور اپنی زندگی کو بہتر بنانے کا سنہری موقع فراہم کرتی ہیں۔ جو شخص اس رات اخلاص کے ساتھ توبہ کر لیتا ہے، اس کے لیے اللہ تعالیٰ کی رحمت اور مغفرت کے دروازے کھول دیے جاتے ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top