کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسزمیں منعقدہ ہفتہ تقریبات کا آغاز
علم ترقی کی پہلی سیڑھی طالبعلم ہر گھڑی مطالعہ میں صرف کریں: پروفیسرڈاکٹر حسین محی الدین قادری
ڈاکٹر طاہر القادری نے ساری زندگی کردار و اخلاق سنوارنے پر محنت کی: صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل
ڈاکٹر اصغر علی مسعودی، اوریا مقبول جان، ڈاکٹر حامد اشرف ہمدانی، قاری علی اکبر توبچی، ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی کا خطاب
لاہور (24 فروری2025) پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی 74ویں سالگرہ کی مناسبت سے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز (بزم منہاج )کے زیراہتمام منعقدہ ہفتہ تقریبات کے پہلے روز بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب میں کہاکہ علم ترقی کی پہلی سیڑھی ہے بطور طالبعلم ہر گھڑی مطالعہ کتب میں صرف کریں۔ شیخ الاسلام نے اپنی زندگی کا ہر لمحہ مطالعہ اور تحقیق و تالیف میں صرف کیا۔ شیخ الاسلام سے محبت کا دعویٰ کر نے والوںپر لازم ہے کہ وہ قرآن وسنت کی تعلیمات پر عمل کریں، نماز پنجگانہ قائم کریں، خود کو ایسی محافل سے دور رکھیں جن سےوقت ضائع اور ایمان کا حرج ہوتا ہے۔ شیخ الاسلام نے ساری زندگی کردار و اخلاق سنوارنے پر محنت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معروف تجزیہ کاراوریا مقبول جان نے کہاکہ مومن کا دل قرآن کی محبت سے خالی نہیں ہو سکتا۔حکیم الامت علامہ محمد اقبالؒ نے قرآن مجید کا گہرا مطالعہ کیا یہی وجہ ہے کہ ان کے ہر شعر میں حکمت اور گہرائی ہوتی تھی۔ آپ نے قرآن سے عشق مصطفی ﷺ سیکھا۔ نوجوان اپنی تدریسی مصروفیات کے ساتھ ساتھ قرآن مجید کی تلاوت کریں اور عربی زبان پرملکہ حاصل کریں۔ قرآن زندگی کے ہر شعبے میں رہنمائی مہیا کرتا ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری فہم قرآن پر توجہ دے رہے ہیں اور علوم القرآن کے حوالے سے ان کی تصنیفات و تالیفات علمی خزانہ ہے۔
چیئرمین شعبہ عربی پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر حامد اشرف ہمدانی نے کہاکہ جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن نے علم و عمل کے میدان میں بہترین خدمات انجام دیں ہیں۔ ایسے ادارے ان خوابوں کی تعبیر ہیں جو ہمارے اسلاف نے دیکھے انہوں نے طلبہ کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ عمل علم کی اصل ہے۔
ڈائریکٹر خانہ فرہنگ ایران ڈاکٹر اصغر علی مسعودی نے کہاکہ قرآن حکیم ایک روشن چراغ ہے جس کی روشنی کبھی کم نہیں ہوئی۔قرآن حکیم نور ہدایت ہے۔ آج امت مسلمہ پسماندگی کا شکار ہے، زوال سے دوچار ہے اس کی وجہ قرآن سے دوری ہے۔ قرآن حکیم امت کو اتحاد اور اتفاق کا درس دیتا ہے اور اتحاد و اتفاق اللہ کی عظیم نعمتوں میں سے ایک ہے۔
تہران سے آئے عالمی شہرت یافتہ قاری علی اکبر توبچی نے تلاوت قرآن حکیم سے شرکائے تقریب کے دلوں کو منور کیا۔
تقریب سے پرنسپل کالج آف شریعہ ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی، ڈائریکٹر انٹر فیتھ ریلیشنز سہیل احمد رضا نے بھی خطاب کیا۔ ہفتہ تقریبات کے پہلے روز مقابلہ حسن قراءت میں پہلی پوزیشن کالج آف شریعہ کے طالبعلم کاشف بٹ، دوسری پوزیشن عائشہ حنیف قادری اور تیسری پوزیشن علی حسین نے حاصل کی جبکہ عربی تقاریری مقابلے میں حافظ میمونہ نے پہلی محمد حسان نے دوسری، حماد مصطفیٰ القادری نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
تقریب میںڈاکٹر شبیر احمد جامی، ڈاکٹر شفاقت علی بغدادی، مجیب الرحمن ملک، صابر حسین نقشبندی، محمد محب اللہ اظہر سمیت دیگر اساتذہ نے شرکت کی۔
صدر بزم منہاج محمد فیض المصطفیٰ نے استقبالیہ کلمات میں مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ جنرل سیکرٹری عبد المعیز، نائب صدر حامد مصطفیٰ عباسی سمیت دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔
تبصرہ