اسلام انسانیت کی خدمت کا دین ہے: ثناء اللہ خان
اخوت و مواخات کے ذریعے امت محمدیہ تشکیل پائی، اشتیاق حنیف مغل
دین اسلام انسانیت کی فلاح و بہبود کا مکمل نظام عطا کرتا ہے، پروفیسر ذوالفقار علی
کوآرڈینیٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن لاہور کیپٹن(ر) عبدالمجید نے فلاحی منصوبہ جات پر بریفنگ دی
منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن لاہور کے زیر اہتمام منعقدہ خدمت انسانیت سیمینار مقررین کا خطاب
لاہور(3 مارچ 2025ء) تحریک منہاج القرآن (منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن لاہور) کے زیر اہتمام ”خدمت انسانیت سیمینار“ کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار میں تحریک منہاج القرآن، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے سینئر راہ نماؤں اور کاروباری شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر آپریشن منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ثناء اللہ خان نے کہا کہ اسلام انسانیت کی خدمت کا دین ہے۔ اخوت و مواخات کے ذریعے امت محمدیہ تشکیل پائی۔ اسلام کا فلسفہ صدقات و خیرات غربت کا خاتمہ ہے۔ اللہ رب العزت نے صاحب ثروت افراد کو حکم دیا ہے کہ اپنے مال میں سے مستحقین اور ضرورت مندوں کی آبرومندانہ انداز کے ساتھ مدد کریں، اسلام نے مومن کی ایک نشانی یہ بھی بتائی ہے کہ وہ اپنے بھائی کی تکلیف کو اپنے جسم میں برابر محسوس کرتا ہے۔ اسلامی معاشرہ اس وقت تک فلاحی معاشرہ کے قالب میں نہیں ڈھل سکتا جب تک اس کا ہر فرد معیشت اور جان و مال کے تحفظ سے بے خوف نہیں ہو جاتا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر اشتیاق حنیف مغل نے کہا کہ انسانی ہمدردی اور کفالت کے باب میں خلیفہ دوم حضرت عمر فاروقؓ کا دور خلافت تاریخ اسلام کا سنہرا دور ہے۔ آپؓ نے ضرورت مندوں کی کفالت کے لئے بیت المال کے نظام کو وسعت دی اور اسے منظم بنایا تاکہ کوئی شخص بھوکا نہ سوئے۔ انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرمؐ نے ہجرت مدینہ کے بعد سب سے پہلے انصار مدینہ اور مہاجرین کو بھائی کے رشتے سے منسلک فرمایا اور انہیں ایک دسرے کے مال میں حصہ دار بنایا تاکہ مدینہ کے تمام شہری ایک دوسرے کی مدد سے باعزت زندگی گزارنے کے قابل ہو سکیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر منہاج القرآن لاہور پروفیسر ذوالفقار علی نے کہا کہ دین اسلام انسانیت کی فلاح و بہبود کا مکمل نظام عطا کرتا ہے۔ انسانیت کی خدمت ایک بہترین عمل ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کوآرڈینیٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن لاہور کیپٹن(ر) عبدالمجید نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن لاہور کے فلاحی و تعلیمی منصوبہ جات پر بریفنگ دی۔ انہوں نے موبائل ہسپتال منصوبے کی تفصیلات بتائیں اور کہا کہ جو لوگ ضرورت مندوں کی مدد کرتے ہیں، بیماریوں کی تیمارداری کرتے ہیں، ناداروں کو سہارا دیتے ہیں اور دوسروں کے لئے آسانیاں پیدا کرتے ہیں وہ درحقیقت معاشرے کو بہتربنانے میں اپنا کردار ادا کررہے ہوتے ہیں۔ تحریک منہاج القرآن لاہور کے تمام عہدیداران، کارکنان مبارکباد کے مستحق ہیں کہ وہ شب و روز خدمت انسانیت میں مصروف رہتے ہیں۔
تقریب سے محمد عباس نقشبندی، میاں ممتاز حسین، انعام اللہ مصطفوی، ناظم علی رحمت، نصیر احمد قادری سمیت دیگر راہ نماؤں نے بھی خطاب کیا۔
تبصرہ