منہاج القرآن کے زیراہتمام ملک گیر دروس عرفان القرآن کا سلسلہ جاری

مورخہ: 04 مارچ 2025ء

لاہور سمیت 100سے زائد شہروں میں سینکڑوں مقامات پر دوروس عرفان القرآن میں ہزاروں مرد و خواتین کی شرکت
ہر مسلمان کو روزانہ اپنے اعمال کا محاسبہ کرنا چاہیے:نائب ناظم اعلیٰ علامہ رانا محمد ادریس
والدین اپنی اولاد کو اچھے اخلاق، ایمانداری اور دین سے محبت کا درس دیں: علامہ منہاج الدین قادری
صاحبزادہ ظہیر احمد نقشبندی، علامہ فیاض بشیر، علامہ جمیل احمد زاہد قادری، علامہ عدنان وحید قاسمی کا دوروس عرفان القرآن سے خطاب

Duroos irfan-ul-quran under Nizamat-e-Dawat Minhaj-ul-Quran

لاہور(4 مارچ2025) تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام رمضان المبارک کے مقدس و بابرکت مہینے میں ملک گیر دروس عرفان القرآن کا سلسلہ جاری ہے۔ لاہور سمیت 100 سے زائد شہروں میں سینکڑوں مقامات پر نماز فجر کے بعد شروع ہونے والے دروس عرفان القرآن میں ہزاروں مرد و خواتین مذہبی، سیاسی، سماجی، علمی شخصیات سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات بھی شرکت کر رہی ہیں۔

تحریک منہاج القرآن کے سکالرز دروس عرفان القرآن میں اپنے خطابات میں اس بات پر زور دے رہے ہیں کہ رمضان المبارک کا مقصد فلاح، ہمدردی، بھائی چارہ، خیر، درگزر اور حقوق العباد کی ادائیگی ہے۔

تحریک منہاج القرآن چونگی امر سدھو کے زیر اہتمام 6 روزہ دروسِ عرفان القرآن کی دوسری نشست منعقد ہوئی، جس میں نائب ناظم اعلیٰ تنظیمات علامہ رانا محمد ادریس قادری نے "فکر آخرت" کے موضوع پر مدلل گفتگو کی۔ نشست میں مذہبی، سیاسی اور سماجی شخصیات سمیت عوام الناس کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اپنے خطاب میں علامہ رانا محمد ادریس قادری نے کہا کہ دنیا کی حقیقت فانی ہے اور ہر انسان کو ایک دن اللہ کے حضور پیش ہونا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن مجید اور احادیث مبارکہ میں بار بار آخرت کی تیاری کا حکم دیا گیا ہے، کیونکہ کامیاب وہی شخص ہوگا جو دنیا میں نیک اعمال کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی چمک دمک اور عارضی آسائشوں کی وجہ سے ہمیں آخرت سے غافل نہیں ہونا چاہئے۔ جو شخص اپنی زندگی کو قرآن و سنت کے مطابق گزارے گا، وہ آخرت میں کامیاب ہوگا۔ انہوں نے حضرت علی کرم اللہ وجہہ کا قول نقل کیا کہ "دنیا پیٹھ پھیر کر جا رہی ہے اور آخرت ہماری طرف بڑھ رہی ہے، پس تم آخرت کو اختیار کرو جو ہمیشہ رہنے والی ہے"۔ آخر میں علامہ رانا محمد ادریس قادری نے کہا کہ ہر مسلمان کو روزانہ اپنے اعمال کا محاسبہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن ہمیں آخرت کی تیاری کا درس دیتا ہے۔

تحریک منہاج القرآن لاہور پی پی 159 اور 168 کے زیراہتمام درس عرفان القرآن کی روحانی نشست منعقد ہوئی، جس سے علامہ محمد منہاج الدین قادری نے خصوصی خطاب کیا۔ اس موقع پر مرد و خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اپنے خطاب میں علامہ محمد منہاج الدین قادری نے "اولاد کے حقوق" کے موضوع پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اسلام میں بچوں کے حقوق کو خاص اہمیت دی گئی ہے۔ والدین پر لازم ہے کہ وہ اولاد کی جسمانی، روحانی اور اخلاقی تربیت کا اہتمام کریں اور انہیں دینی و دنیاوی تعلیم سے آراستہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ نبی اکرم ﷺ نے بچوں کے ساتھ شفقت و محبت کو جنت کی بشارت کا ذریعہ قرار دیا ہے۔ اولاد کی بہترین پرورش والدین کی بنیادی ذمہ داری ہے اور اسی میں دنیا و آخرت کی کامیابی پوشیدہ ہے۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ والدین کو چاہیے کہ وہ اپنی اولاد کو اچھے اخلاق، ایمانداری اور دین سے محبت کا درس دیں۔

علامہ فیاض بشیر نے سیرت النبی ﷺ اور عصر حاضر، علامہ صابر کمال وٹو نے خدمت دین کی اہمیت و ضرورت، صاحبزادہ ظہیر احمد نقشبندی نے فکر آخرت، علامہ محمد احسان رضوی نے سیرت النبی ﷺ اور عصر حاضر، علامہ مہتاب اظہر راجپوت نے سوشل میڈیا اور ہماری ذمہ داریاں، علامہ جمیل احمد زاہد قادری نے فکر آخرت، علامہ عدنان وحید قاسمی نے اولاد کے حقوق، علامہ ڈاکٹر ارشد محمود مصطفوی، علامہ سرفراز احمد قادری نے، علامہ محمد حفیظ احمد قادری و دیگر علمائے کرام نے مختلف شہروں میں دینی، اخلاقی و سماجی موضوعات پروروس عرفان القرآن سے خطابات کئے۔

Duroos irfan-ul-quran under Nizamat-e-Dawat Minhaj-ul-Quran

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top