منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کی فریدِ ملت اسکالر شپ تقریب 16 اپریل کو ہوگی
تقریب میں ہونہار طلبہ کو اسکالر شپس، شیلڈز، اسناد دی جائیں گی
چیئرمین ایم ای ایس پروفیسرڈاکٹر حسین محی الدین قادری تقریب کی صدارت کریں گے
تقریب میں ماہرین تعلیم، سیاسی، سماجی شخصیات اساتذہ، طلباء بڑی تعداد شرکت کریں گے
لاہور (8 اپریل2025) منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے زیراہتمام فریدِ ملت اسکالرشپ نتائج کی تقریب 16 اپریل 2025 (بدھ) منہاج یونیورسٹی لاہور کے الفارابی آڈیٹوریم میں منعقد ہو گی۔ تقریب میں ہونہار طلبہ کو اسکالر شپس، شیلڈز، اسناد دی جائیں گی۔چیئرمین منہاج ایجوکیشن سوسائٹی پروفیسرڈاکٹر حسین محی الدین قادری تقریب کی صدارت کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر آپریشنز منہاج ایجوکیشن سوسائٹی شعیب طاہر نے اسکالر شپ ایوارڈ کی تقریب کے انتظامات و تیاریوں کے حوالے منعقدہ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
شعیب طاہر نے کہاکہ فرید ملت اسکالر شپ تقریب ہر سال مستحق اور باصلاحیت طلباء کے لیے خوشی اور حوصلہ افزائی کا پیغام بن کر آتی ہے۔انہوں نے کہا کہ فریدِ ملت اسکالرشپ کا آغاز 2009 میں کیا گیا تھا اور یہ پروگرام آج بھی ملک بھر کے ایسے ہزاروں طلبہ کے لیے امید کی کرن ہے جو معاشی مشکلات کے باوجود علم کے حصول کا جذبہ رکھتے ہیں۔ اس اسکالرشپ کا مقصد مستحق اور با صلاحیت طلبہ کی مدد کرنا ہے جو محدود وسائل کے باوجود اپنی تعلیم کو جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں، تاکہ وہ معاشرے کے کارآمد فرد بن سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی کی بنیاد ہے اور اگر باصلاحیت مگر کم وسائل رکھنے والے طلبہ کو تعلیمی معاونت فراہم کی جائے تو وہ نہ صرف اپنی زندگی بدل سکتے ہیں بلکہ ملک و ملت کے لیے بھی اثاثہ ثابت ہو سکتے ہیں۔
منہاج ایجوکیشن سوسائٹی اسی وژن کے ساتھ تعلیمی میدان میں کردار ادا کر رہی ہے۔شعیب طاہر نے کہا کہ تقریب میں ماہرین تعلیم، سیاسی، سماجی، مذہبی شخصیات سمیت والدین، اساتذہ، طلباء اور مہمانانِ گرامی کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔
تبصرہ