منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے زیراہتمام فریدِ ملت اسکالرشپ ایوارڈ 2025 کی 16ویں سالانہ تقریب

Minhaj Education Society's Farid-e-Millat Scholarship Ceremony

منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے زیراہتمام فریدِ ملت اسکالرشپ ایوارڈ 2025 کی 16ویں سالانہ تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی خصوصی شرکت اور خطاب

چیئرمین منہاج ایجوکیشن سوسائٹی ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خطاب کرتے ہوئے تعلیم تک آسان رسائی، کردار سازی اور قومی سطح پر تعلیمی اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ منہاج ایجوکیشن سوسائٹی ہر سال پاکستان کے مقتدر حلقوں اور پالیسی ساز اداروں تک نظامِ تعلیم میں بہتری سے متعلق اپنی تجاویز پہنچانے کا فریضہ انجام دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے میدان میں مساوی مواقع فراہم کرنا ہی اصل ترقی کی بنیاد اور قوموں کی بقا اور استحکام کا ضامن ہے۔

انہوں نے منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے تمام ذمہ داران کو مبارکباد دی کہ جن کی شب و روز محنت اور لگن کی بدولت ملک بھر میں منہاج اسکولز کا وسیع نیٹ ورک کامیابی کے ساتھ تعلیمی خدمات سرانجام دے رہا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر منہاج اسکولز کے اساتذہ اور منتظمین کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ مستقبل کے معماروں کی فکری، اخلاقی اور علمی تربیت کا عظیم فریضہ سرانجام دے رہے ہیں، آپ کی کاوشیں لائقِ تحسین ہیں۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے اپنے خطاب میں اردو زبان کی اہمیت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں تعلیمی انحطاط کی ایک بڑی وجہ قومی زبان اردو سے دوری ہے۔ اردو صرف ایک زبان نہیں بلکہ ہماری تہذیب، ثقافت اور قومی تشخص کی علامت ہے۔ ہمیں نئی نسل کو اردو سے دوبارہ جوڑنے کے لیے نصاب، میڈیا اور گھریلو سطح پر سنجیدہ اقدامات کرنا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ 1973کے آئین میں اردو کو دفتری زبان قرار دیا گیا تھا، لیکن 50 سال سے زائد عرصہ گزر جانے کے باوجود اس پر عملدرآمد نہیں ہو سکا۔ بعد ازاں 2015میں سپریم کورٹ کی جانب سے دیے گئے حکم کے باوجود اردو کو دفتری زبان نافذ نہیں کیا گیا۔ یہ المیہ ہے کہ قومی زبان کی حیثیت کو قانونی اور عملی سطح پر تسلیم نہ کرنے سے ہماری قومی یکجہتی بھی متاثر ہو رہی ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ دنیا بھر کے ترقی یافتہ ممالک جیسے جاپان، کوریا، چین، فرانس اور ترکی اپنی زبان کو فوقیت دیتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ وہ ترقی کی منازل طے کر رہے ہیں۔ بدقسمتی سے ہماری نئی نسل اردو سے دور ہوتی جارہی ہے، جبکہ ہمارے نصاب اور والدین کا رجحان بھی دیگر زبانوں کی طرف بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کی اصل کنجی اپنی زبان، ثقافت اور شناخت کے ساتھ وابستگی میں پوشیدہ ہے۔

چیئرمین منہاج ایجوکیشن سوسائٹی نے واضح کیا کہ ان کے ادارے کے تمام اسکولز میں اردو کو بنیادی تدریسی زبان کے طور پر اپنایا گیا ہے تاکہ طلبہ اپنی زبان، تاریخ اور ثقافت سے جڑے رہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہی وژن مستقبل میں ایک فکری و علمی انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اگر اردو زبان کو وہ مقام نہ دیا گیا جو اس کا حق ہے، تو آنے والی دہائیوں میں ہم اپنی قومی شناخت کھو بیٹھیں گے۔ لہٰذا وقت کی اہم ضرورت ہے کہ اردو کو قومی، علمی اور دفتری زبان کے طور پر حقیقی معنوں میں نافذ کیا جائے تاکہ ہم اپنی نسلِ نو کو ان کی زبان، تشخص اور تاریخ سے جوڑ سکیں۔

اوریا مقبول جان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن کے تمام اداروں کی انفرادیت ان کا طاہرانہ ماحول ہے، جو انہیں دیگر اداروں سے ممتاز کرتا ہے۔

اس موقع پر چیئرمین منہاج ایجوکیشن سوسائٹی پروفیسر ڈاکٹر حسین قادری نے فریدِ ملت اسکالرشپ حاصل کرنے والے پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات اور ان کے اداروں کو خصوصی انعامات اور تعریفی اسناد سے نوازا۔

تقریب میں معروف دانشور اوریا مقبول جان، رجسٹرار منہاج یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خرم شہزاد، ڈاکٹر علی وقار قادری، شعیب طاہر، تحریک منہاج القرآن کے مختلف ادارہ جات کے سربراہان، منہاج ایجوکیشن سوسائٹی سے وابستہ اسکولز کے طلبہ و طالبات اور والدین کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

Minhaj Education Society's Farid-e-Millat Scholarship Ceremony

Minhaj Education Society's Farid-e-Millat Scholarship Ceremony

Minhaj Education Society's Farid-e-Millat Scholarship Ceremony

Minhaj Education Society's Farid-e-Millat Scholarship Ceremony

Minhaj Education Society's Farid-e-Millat Scholarship Ceremony

Minhaj Education Society's Farid-e-Millat Scholarship Ceremony

Minhaj Education Society's Farid-e-Millat Scholarship Ceremony

Minhaj Education Society's Farid-e-Millat Scholarship Ceremony

Minhaj Education Society's Farid-e-Millat Scholarship Ceremony

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top