بین المذاہب رواداری کے فروغ اور امن عالم کے موضوع پر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا اقوام متحدہ میں فکر انگیز مکالمہ

اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں بین المذاہب ہم آہنگی اور عالمی امن پر ایک اہم بین الاقوامی کانفرنس منعقد ہوئی، جہاں دنیا بھر سے مختلف مذاہب کے نمائندے شریک ہوئے اس باوقار موقع پر سپریم کونسل منہاج القرآن کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اپنے پر اثر خطاب میں انسانیت، امن، محبت اور اخلاقیات پر مبنی دنیا کا خواب پیش کیا۔

چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اپنے خطاب کے اختتام پر ایک دل کو چھو لینے والی تمثیل پیش کی، جس میں انہوں نے محبت کے ایک فوارے اور امن کے ایک باغ کا تصور پیش کیا۔ ان کا خواب ہے کہ دنیا ایک ایسا خوبصورت باغ بن جائے جہاں محبت، آزادی، احسان اور باہمی ہم آہنگی کی نہریں بہتی ہوں، اور انسانیت ان اقدار سے سیراب ہو جو عزت، وقار اور اتحاد کو فروغ دیں۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ جب میں لکھتا ہوں اور دنیا کے ایک کونے سے دوسرے کونے تک سفر کرتا ہوں، تو میری خواہش ہوتی ہے کہ یہ دنیا محبت سے بھرا ایک ایسا باغ ہو، جس کی مٹی انسانی قدروں سے بنی ہو اور جس کی فصل نیکی اور اخلاص سے اگتی ہو۔

خطاب کے دوران چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے سامعین کومحبت کے مشن میں شامل ہونے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ آئیے ہم سب اس باغ کے مالی بن جائیں، اور اس کی محنت کے پھل ایک دوسرے سے بانٹیں، ہم سب مل کر انسانیت کے لیے محبت، امن، سکون اور باہمی اتحاد کی عملی تصویر بن جائیں، تاکہ دنیا کے مذاہب کے درمیان باہمی احترام اور پرامن بقائے باہمی کو فروغ دیا جا سکے۔

انہوں نے اپنے اختتامی کلمات میں اقوام عالم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل، آخری نبی حضرت محمد ﷺ، حضرت ابراہیمؑ، حضرت موسیٰؑ، حضرت عیسیٰؑ اور تمام مذاہب کی دعاؤں سے وہ دن ضرور آئے گا جب انسانیت امن، محبت، اور باہمی احترام کا عملی نمونہ بن جائے گی۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اس بات پر بھی زور دیا کہ یہ کانفرنس ایک ابراہیمی ورثے کی عملی تصویر ہے، جہاں یہودی، عیسائی اور مسلم نمائندگان نہ صرف شریک ہیں بلکہ مذاہب کے مشترکہ انسانی پیغامات کو آگے بڑھا رہے ہیں یہاں حضرت موسیٰ علیہ السلام کی روح انسان دوستی، حضرت عیسیٰ علیہ السلام نجات اور حضرت محمد ﷺ امن و ہم آہنگی کا پیغام دے رہے ہیں۔ انہوں نے گوتم بدھ، کرشن، سکھ دھرم، اور دیگر مذاہب کے انسان دوستی پر مبنی پیغامات کو بھی سراہا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top