شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری کا ڈاکٹر ثمر فاطمہ کے انتقال پر اظہار تعزیت
لاہور(21 اپریل 2025) تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست اعلیٰ شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے منہاج کالج فار ویمن لاہور کی سابق پرنسپل، سابق صدر شعبہ اسلامیات پنجاب یونیورسٹی لاہور ڈاکٹر ثمر فاطمہ کے انتقال پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ ڈاکٹر ثمر فاطمہ ( مرحومہ) کئی دہائیوں سے تعلیمی خدمات انجام دے رہی تھیں اور ہزاروں طالبات نے ان سے علم حاصل کیا، وہ نہ صرف ایک بہترین معلمہ تھیں بلکہ اخلاق، صبر اور شفقت کا پیکر بھی تھیں۔ ان کی تدریس کا انداز طلبہ سے محبت اور نصیحت انگیز گفتگو ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اپنے تعزیتی پیغام میں مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ ڈاکٹر ثمر فاطمہ ( مرحومہ) کو جنت الفردوس کو اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔
چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل، صدر منہاج القرآن پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے ڈاکٹر ثمر فاطمہ( مرحومہ) کے وصال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحومہ کی خدمات ایک بہترین ماہر تعلیم اور ایک استاد کی حیثیت سے ہمیشہ یاد رکھی جائینگی۔ مرحومہ نے بطور استاد اپنی شاگردوں کی بہترین تربیت کی۔ اللہ تعالیٰ ڈاکٹر ثمر فاطمہ (مرحومہ) کی دینی و تدریسی خدمات کو قبول فرمائے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور جملہ پسماندگان کو صبر جمیل کی توفیق عطا فرمائے۔
دریں اثنا ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، پرنسپل منہاج کالج فار ویمن محمد آفتاب خان، وائس پرنسپل ڈاکٹر حمیرا ناز، ڈاکٹر جویریہ حسن، پروفیسر عارفہ طارق، ڈاکٹر نور الزمان نوری، ڈاکٹر غلام محمد و دیگر رہنمائوں نے بھی مرحومہ کی وفات پر اظہار تعزیت کیا ہے۔
تبصرہ