دین اسلام کی خدمت منہاج القرآن کا مشن ہے: انجینئر محمد رفیق نجم

نفرتوں کو محبت اور جہالت کو علم میں بدلنے کی ضرورت ہے: نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن
دین اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے: تحریک منہاج القرآن کے اجلاس سے خطاب

Engr Rafiq Najam addressing TMQ Ijlas 2025

لاہور (27 اپریل 2025) نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن انجینئر محمد رفیق نجم نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن دنیا بھر میں دین اسلام کے فروغ، امت مسلمہ کی اصلاح اور انسانیت کی خدمت کے عظیم مشن پر گامزن ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی قیادت میں یہ تحریک ایمان، علم اور عمل کی روشنی پھیلانے کا فریضہ سرانجام دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دین اسلام صرف عبادات کا مجموعہ نہیں بلکہ ایک مکمل ضابطہ حیات ہے، جو انفرادی و اجتماعی زندگی کے ہر شعبے کی رہنمائی کرتا ہے۔ تحریک منہاج القرآن کا مقصد اسی جامع تصورِ دین کو عام کرنا اور ہر انسان کو اللہ کی بندگی اور مخلوق کی خدمت کا شعور دینا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک منہاج القرآن سرگودھا کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس سینئررہنما پروفیسر سلیمان خان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

انجینئر رفیق نجم نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن نے قرآن و سنت کی تعلیمات کو عام کرنے کے لیے سینکڑوں ادارے قائم کیے ہیں، جہاں جدید اور دینی تعلیم کا حسین امتزاج پیش کیا جاتا ہے۔ فہم قرآن کورسز، تربیتی ورکشاپس اور روحانی اجتماعات کے ذریعے معاشرے میں اخلاقی، روحانی اور علمی بیداری پیدا کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کے پُرآشوب دور میں جہاں مادیت پرستی نے انسان کو خدا سے دور کر دیا ہے، وہاں تحریک منہاج القرآن لوگوں کو اللہ کے قریب لانے کا ایک مضبوط ذریعہ بن چکی ہے۔ عقیدہ، عبادات، اخلاقیات اور معاملات کی اصلاح ہمارا بنیادی ہدف ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کا ہر کارکن اپنے آپ کو دین کے خادم کے طور پر پیش کرتا ہے۔ ہم نفرتوں کو محبت میںاور جہالت کو علم میں بدلنے کا عزم رکھتے ہیں۔انجینئر محمد رفیق نجم نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن نے خدمت دین کے ساتھ ساتھ بین المذاہب رواداری، امن عالم، حقوقِ انسانی اور علم و تحقیق کے فروغ میں بھی نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ یہ تحریک صرف پاکستان ہی نہیں، بلکہ دنیا بھر میں اسلام کے حقیقی، روشن اور انسان دوست چہرے کو پیش کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کارکنان اپنی علمی، عملی اور اخلاقی صلاحیتوں کو بڑھائیں اور تحریک کے پیغام کو ہر گھر اور ہر دل تک پہنچائیں۔ دین کی خدمت عین عبادت ہے اور اس راستے میں قربانی، صبر اور استقامت ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کا ہر کارکن معاشرے میں ایمان، محبت، علم اور خدمت کی خوشبو بکھیرنے والا چراغ ہے۔ ہمیں اپنے کردار اور عمل سے دنیا کو یہ پیغام دینا ہے کہ اسلام امن، محبت اور انسانیت کا دین ہے۔ اجلاس میں ڈاکٹر ظفر علی ناز، علامہ چشتی قاسم علی فاروقی، محمد ادریس مغل، حکیم ظفر اقبال و دیگر رہنمائوں اور کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top