اللہ تعالیٰ پاک فوج کو ہر میدان میں کامیابی عطا فرمائے: علامہ رانا محمد ادریس

مورخہ: 09 مئی 2025ء

مسلح افواج ملک کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی محافظ ہیں: نائب ناظم اعلیٰ منہاج القرآن
جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹائون میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب
منہاج القرآن علما کونسل اور نظام المدارس کے زیراہتمام مساجد اور مدارس میں ملکی سلامتی کے لئے خصوصی دعائیں

اللہ تعالیٰ پاک فوج کو ہر میدان میں کامیابی عطا فرمائے: علامہ رانا محمد ادریس

لاہور (9 مئی 2025) تحریک منہاج القرآن کے نائب ناظم اعلیٰ علامہ رانا محمد ادریس نے جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹائون میں جمعۃ المبارک کے خطبہ میں کہاکہ پاکستان اسلام اور کلمہ طیبہ کی بنیاد پر حاصل کیا گیا ہے۔ دین اسلام، وطن اور افواج پاکستان سے محبت ہماری ذمہ داری ہے۔ وطن سے محبت ایمان کا حصہ ہے۔ علامہ رانا محمد ادریس نے کہاکہ پاک فوج ملکی سرحدوں کی حفاظت کا حق ادا کر رہی ہیں، پوری قوم اپنی افواج کےلیے دعا گو ہے۔ انہوں نے افواج پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے عوام کو بھی ملکی دفاع کےلئے متحد رہنے کی تلقین کی۔ علامہ رانا محمد ادریس نے پاک فوج کی حفاظت، دہشتگردی کے خاتمے، پاکستان کی سلامتی و استحکام کےلئے خصوصی دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ پاک فوج کو ہر میدان میں کامیابی عطا فرمائے اور ملک دشمن عناصر کو ناکام اور نامراد کرے۔

انہوں نے پاک افواج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی محافظ ہیں، جو ہر مشکل وقت میں قوم کی امیدوں کا مرکز بنتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلام کا قلعہ ہے دنیا کی کوئی منفی قوت اسے نقصان نہیں پہنچا سکتی، قوم اللہ کی نافرمانیاں ترک کر دے، اللہ اور اس کے رسول کے احکامات بجا لائے جب ہم پورے کے پورے دین میں داخل ہو جائیں گے تو ہمارے اعلانیہ اور غیر اعلانیہ دشمن نامراد اور ناکام ہو نگے۔ دریں اثنا منہاج القرآن علما کونسل اور نظام المدارس پاکستان کے زیر اہتمام سینکڑوں مساجد اور مدارس میں بھی نماز جمعہ کے اجتماعات میں پاک فوج کی حفاظت، ملکی سلامتی کےلئے خصوصی دعائیں کی گئیں اور علمائے کرام نے پاک فوج کی قربانیوں کو بھر پور خراج تحسین پیش کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top