اسلام کا معاشی نظام مواخات اور سخاوت کی تحریک و تعلیم پر مشتمل ہے، ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

مورخہ: 14 مئی 2025ء

چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے ایک روح پرور خطاب میں نبی اکرم ﷺ کی ایک انسانی حرمت و فضیلت کو دوچند کرنے والی بلیغ حدیثِ قدسی بیان کرتے ہوئے سامعین کو اللہ کی راہ میں خرچ کرنے کی ترغیب دی۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام غربت کے خاتمہ اور معاشی عدل قائم کرنے کے لیے مواخات اور سخاوت کی تحریک و تعلیم پر زور دیتا ہے۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ روایت کرتے ہیں کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ اللہ رب العزت فرماتا ہے اے میرے بندو! میری راہ میں خرچ کرو، میں تمہیں دیتا جاؤں گا۔ میرے ساتھ سودا کرو، میں تمہیں مایوس نہیں کروں گا۔

چیئرمین سپریم کونسل کا کہنا تھا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ اللہ کا ہاتھ بڑا ہے، وہ کبھی خالی نہیں ہوتا۔ دن ہو یا رات ہو وہ مسلسل اپنے بندوں پر خرچ کرتا ہے لیکن اس کے خزانوں میں کبھی کمی نہیں آتی۔ جب سے اللہ تعالیٰ نے آسمان و زمین کو پیدا کیا ہے، وہ تب سے مسلسل عطا کر رہا ہے۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے متفق علیہ حدیث کا بھی حوالہ دیا جس میں نبی اکرم ﷺ نے سیدہ اسماء بنت ابی بکر رضی اللہ عنہما سے فرمایا کہ اے اسماء! خرچ کیا کرو مگر گن کر نہ کیا کرو، اگر تم گن کے دو گی تو رب بھی گن کر دے گا خرچ کرو، ہاتھ مت روکو، کہیں ایسا نہ ہو کہ اللہ بھی تم پر بندش کر دے۔"

انہوں نے کہا کہ یہ تعلیمات ہمیں سخاوت، ایثار اور توکل کا سبق دیتی ہیں، دنیاوی مال و دولت ختم ہو سکتی ہے، مگر اللہ کا خزانہ لامحدود ہے اگر انسان اللہ کی رضا کے لیے خرچ کرے تو وہ خود کبھی تنگ دست نہیں ہوتا۔اللہ کے ساتھ سودا کر لو! خرچ کرو، اللہ تمہیں عطا کرتا رہے گا۔ جو بندوں کے لیے دیتا ہےاللہ اس کے لیے عطا کے دروازے کھول دیتا ہے۔اس حدیث مبارکہ کی تعلیمی روح یہ ہے کہ ضرورت مندوں کی ضرورت پوری کرتے ہوئے کبھی اپنا ہاتھ مت روکیں، اگر آپ کھل کر اللہ راہ میں خرچ کرو گے تو اللہ اجروثواب اور کشادگی رزق کی صورت میں اسی حساب سے نوازے گا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top