خاندان کا ہر فردِ خدمت دین کے مشن کا حصہ بنے، مصطفوی معاشرہ کی تشکیل کی انقلابی جدوجہد تیز تر کریں: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری
چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ دین کی خدمت کا حقیقی تصور اس وقت مکمل ہوتا ہے جب گھر کا ہر فرد خدمت دین کے مشن کو حصہ بنے ، قرآن کی روشنی میں حضرت موسیٰ علیہ السلام کی مثال پیش کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اللہ رب العزت نے انقلابی جدوجہد کے لیے جب حضرت موسیٰ علیہ السلام کو منتخب فرمایا، تو انہوں نے سب سے پہلے اپنے سینے کی کشادگی کی دعا کی۔
ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ قرآن ہمیں سکھاتا ہے کہ سب سے پہلی مثال خانوادۂ نبوت کی ہے اگر حضرت موسیٰ علیہ السلام جیسے جلیل القدر نبی اپنے بھائی حضرت ہارون علیہ السلام کو شریکِ کار بنا سکتے ہیں، تو آج کے کارکن بھی اپنے اہلِ خانہ کو دعوت میں شامل کریں۔حضور نبی اکرم صلی علیہ والہ وسلم کی دعوت سب سے پہلے افراد خانہ نے قبول کی۔
چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل نے کہا کہ لیڈر وہ نہیں ہوتا جو فقط اپنی خوبیاں بیان کرتا ہے، بلکہ لیڈر کمزوریوں کو دور کرنے کی سعی کرتا ہے حضرت موسیٰ علیہ السلام کو اللہ تعالیٰ نے جب فرعون کے مقابلے کے لیے چنا، تو موسی علیہ السلام نے غرور نہیں کیا بلکہ بارگاہِ الٰہی میں عاجزی سے عرض کیاربِّ اشرح لی صدری یعنی اے میرے رب! میرا سینہ کھول دے۔
منہاج القرآن انٹرنیشنل سپریم کونسل کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ آج بھی ہر داعی کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنے مشن، فکر، نصب العین کے بارے میں کامل تفہیم اور شعور رکھے۔ اگر دل میں وسوسہ ہو،نظریاتی ابہام ہو، تو یقین کمزور اور منزل دھندلی نظر آتی ہے اور پھر دعوت کا سفر رک جاتا ہے، کامیاب داعی وہی ہوتا ہے جس کا علم وسیع، نظر وسیع سینہ اور ظرف کشادہ، چہرہ روشن اور دل نرم ہو۔
انہوں نے نوجوانوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اگر آپ اپنی دعوت کو موثر بنانا چاہتے ہیں، تو سب سے پہلے اپنے باطن کی صفائی کریں اسے کھولیں۔ برف جب پگھلتی ہے تو پانی بہتا ہے اور پھر کھیت کھلیان سیراب ہو کر اناج اگلتے ہیں اور زندگی آگے چلتی ہے ، جامد شخصیت نہ خود سیکھتی ہے نہ کسی کو سکھا سکتی ہے، تحریک کے اصل مقاصد تب حاصل ہونگے جب داعی کے اپنے گھر کا ہر فرد،والد، والدہ، بیٹا، بیٹی اپنی استطاعت کے مطابق دین کی ترویج و اشاعت کا حصہ بنے، مصطفوی معاشرہ کی تشکیل ہی دین کی حقیقی خدمت اور انقلابی جدوجہد ہے۔
تبصرہ