منہاج یونیورسٹی لاہور میں’’پری بجٹ سیمینار‘‘ کا انعقاد
معاشی استحکام کےلئے متوازن بجٹ وقت کی ضرورت ہے، ماہرین
تنویر اشرف کائرہ، میاں انجم نثار، خالد عثمان، ڈاکٹر علی حسن، فہیم الرحمان سہگل کا خطاب
وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد نے مہمان مقررین کو شیلڈز پیش کیں
لاہور (15مئی 2025) منہاج یونیورسٹی لاہور میں سنٹرآف اکنامک پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے زیراہتمام اور عوامی تاجر اتحاد و پاکستان اکنامک فورم کے تعاون سے منعقدہ پری بجٹ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر خزانہ پنجاب اور چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرزNFC تنویر اشرف کائرہ نے کہا کہ بجٹ سازی کے عمل میں شفافیت اور مالی نظم ناگزیر ہے۔ غیر ضروری اخراجات کو کم کر کے ترقیاتی منصوبوں پر توجہ دی جائے۔ غربت، بے روزگاری اور مہنگائی جیسے مسائل بجٹ میں فوکس ہونے چاہئیں۔ ریاست کو اپنی مالی ترجیحات ازسرنو ترتیب دینی ہوں گی۔ وائس پریذیڈنٹ سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میاں انجم نثار نےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری طبقے کو سازگار ماحول دیے بغیر معیشت ترقی نہیں کر سکتی۔ ٹیکس نیٹ بڑھانے کے لیے سہل اور شفاف نظام ضروری ہے۔ برآمدات کے فروغ کے لیے حکومت کو اسٹرکچرل اصلاحات کرنا ہوں گی اس کے علاوہ بجٹ میں نجی شعبے کی مشاورت کو بھی اہمیت دی جائے۔
معروف معاشی ماہرڈاکٹر علی حسین نے تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ میں ڈیٹا بیسڈ اور ریسرچ پر مبنی فیصلوں کی ضرورت ہے۔ سائنس، ٹیکنالوجی اور انوویشن پر سرمایہ کاری کو ترجیح دی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ معاشی پالیسیاں عوامی فلاح کے اصولوں پر مبنی ہونی چاہئیں۔ سوفٹ انڈیکیٹرز پر بھی بجٹ سازی میں توجہ دی جانی چاہیے۔ ممبر پاکستان اکنامکس فرنٹیرڈاکٹر محمد افضل نے اپنے خطاب میں کہا کہ ترقیاتی بجٹ کو صرف میگا پراجیکٹس تک محدود نہ رکھا جائےاور دیہی معیشت، زراعت اور چھوٹے کاروباروں کو سہارا دیا جائے۔ معروف تجزیہ کار حبیب اکرم نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ معاشی پالیسیوں کا بیانیہ عام فہم انداز میں عوام تک پہنچائے۔
صحافت اور معیشت کا تعلق عوامی شعور کی بیداری میں کلیدی ہے۔ معروف بزنس مین، چیئرمین پیاف فہیم الرحمان سہگل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ پر پارلیمنٹ کے ساتھ ساتھ عوامی مکالمہ بھی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وسائل کی منصفانہ تقسیم اور فلاحی ریاست کے تصور کو مضبوط بنایا جائے۔ ہمیں بجٹ کو سماجی انصاف کا آئینہ دار بنا کرغیر یقینی فضا کو ختم کرنا ہوگا۔ تقریب میں نائب صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری خالد عثمان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ چھوٹے تاجروں اور ایس ایم ایز کو بینک قرضوں کی فراہمی آسان بنائی جائے، تاکہ کاروباری سرگرمیوں میں تیزی آئے اور روزگار کے مواقع بڑھیں۔ سینئر صحافی حامد ولید نے بھی خطاب کیا اور بجٹ کے حوالے سےتجاویز دیں۔
سیمینار میںچیئرمین عوامی تاجر اتحاد حاجی محمد اسحاق، سیکرٹری جنرل راشد چوہدری، شہزاد رسول نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ چیئرمین فرایا شہباز اسلم، وائس چیئرمین آصف چوہدری، سہیل احمد رضا، شہزاد خان و دیگر نے سیمینار میں خصوصی شرکت کی۔ رجسٹرار منہاج یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خرم شہزاد نے سیمینار میں آنے والے مہمان مقررین کا شکریہ ادا کیا اور پری بجٹ تجاویز پیش کیں جن میں معاشی انصاف اور معاشی شعبے میںتحقیق اور جدت طرازی کو ترجیح دینے پر زور دیا گیا۔ سیمینارمیں معروف ماہرین معاشیات، صنعت کاروں، تاجر رہنماؤں اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ مقررین نے بجٹ میں اقتصادی بہتری، مہنگائی میں کمی اور متوسط طبقے کو ریلیف دینے پر زور دیا۔ شرکاء نے حکومت کو متعدد اہم تجاویز پیش کیں۔ سیمینار کے اختتام پر وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد نے مہمان مقررین کو شیلڈز پیش کیں۔ سیمینار میں منہاج یونیورسٹی کے مختلف تعلیمی شعبہ جات کے ڈینز فیکلٹی ممبران اور طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
تبصرہ