آج اللہ رب العزت کے حضور یومِ تشکر منا رہے ہیں جس نے ہمیں فتح نصیب فرمائی: علامہ رانا محمد ادریس

مورخہ: 16 مئی 2025ء

پاک فوج ہمارے ملک کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی محافظ ہے
ترقی، امن، خوشحالی اور بقا کا راز اتحاد میں ہے: نائب ناظم اعلیٰ منہاج القرآن
جامع شیخ الاسلام میں ہزاروں افراد نے ملکی سلامتی اور پاک فوج کی کامیابیوں کےلئے دعا کی

آج اللہ رب العزت کے حضور یومِ تشکر منا رہے ہیں جس نے ہمیں فتح نصیب فرمائی: علامہ رانا محمد ادریس

لاہور (16مئی 2025) نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس نے جامع شیخ الاسلام میں جمعۃ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے افواج پاکستان کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کہا ہے کہ ہم آج اللہ رب العزت کے حضور یومِ تشکر منا رہے ہیں، جس نے اپنی خاص رحمت و نصرت سے پاکستان کی بہادر مسلح افواج اور محب وطن عوام کو جنگ میں دشمن پر فتح و نصرت عطا فرمائی۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج ہمارے ملک کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی محافظ ہے، ان کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہاکہ پاکستانی قوم کو اپنی فوج پر فخر ہے جنہوں نے کسی بھی مشکل گھڑی میں قوم کو مایوس نہیں کیا۔ انہوں نے کہاکہ اسلام ایک ایسا مکمل ضابطہ حیات ہے جو فرد کی اصلاح کے ساتھ ساتھ اجتماعیت اور معاشرے کی تعمیر پر بھی زور دیتا ہے۔ جہاں افراد متحد ہوتے ہیں، وہاں اللہ کی مدد بھی نازل ہوتی ہے، اور دشمن کے ناپاک ارادے خاک میں مل جاتے ہیں۔ اتحاد سے رحمت نازل ہوتی ہے، برکتوں کے دروازے کھلتے ہیں۔ اس لیے آج کے اس نازک وقت میں ہمیں پہلے سے زیادہ باہمی بھائی چارے، اخوت اور ملی یکجہتی کی ضرورت ہے تاکہ ہم قومی سطح پر درپیش چیلنجز کا مقابلہ کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ اس کامیابی میں قوم کے اتحاد، مسلح افواج کے عزم و ہمت اور کامیاب حکمت عملی نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں زور دیا کہ ملک کو درپیش چیلنجز کا حل کےلئے عسکری کامیابیوں کے ساتھ ساتھ اخلاقی، تعلیمی، سماجی اور معاشی میدان میں بھی جدوجہد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح ہماری افواج نے قربانیاں دے کر ہمیں محفوظ کیا ہے، اسی طرح ہر شہری پر لازم ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو دیانت، خلوص اور ایمانداری سے ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو اپنی افواج پر فخر ہے اور یہ جذبہ اتحاد مزید مضبوط ہونا چاہیے۔

خطاب کے دوران انہوں نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن نظریہ پاکستان کے تحفظ، اتحاد امت، فروغِ عشقِ مصطفیﷺ اور اقامتِ دین کی عملی جدوجہد کر رہی ہے۔ جمعہ کے اجتماع میں علمائے کرام، طلبہ، عوام الناس اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجتماع کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، ترقی، اتحادِ امت اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top