رشتوں کے انتخاب کا پیمانہ مال و دولت نہیں ایمان ہونا چاہیے : ڈاکٹر حسن محی الدین قادری
چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے خطاب میں والدین خصوصا خواتین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مائیں بیٹیوں کے رشتوں کے لیے پریشان رہتی ہیں، پریشانی کی سب سے بڑی وجہ رشتوں کا معیار مال و دولت،گھر،کوٹھی اور بینک بیلنس بن چکا ہے، یہ جاننے کی کوشش ہی نہیں کی جاتی کہ لڑکا ایمان اور کردار والا ہے یا نہیں؟
ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اس موقع پر حضرت ام سُلیم رضی اللہ عنہا کا ایمان افروز واقعہ بیان کیا، جنہوں نے امیر، خوبرو اور خاندانی شخصیت حضرت ابو طلحہ رضی اللہ عنہ کے نکاح کے پیغام پر یہ شرط رکھی کہ مجھے کوئی سونا،چاندی، جائیداد نہیں چاہیئےاگر مہر دینا ہے تو اپنا ایمان دے دو، توحیدِ الٰہی کو مہر بنا دو۔
چیئرمین سپریم کونسل نےکہا کہ حضرت ام سُلیم نے دعوتِ نکاح کو دعوتِ حق میں بدل دیا اور ایک داعیہ، مبلغہ اور فصاحت و بلاغت کی حامل خاتون بن کر ایمان کو فوقیت دی۔ یہی وہ کردار ہے جو اہلِ بیت اطہار اور سیدہ کائنات فاطمہ الزہرا سلام اللہ علیہا کی پیروکار خواتین کے شایانِ شان ہے۔
ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ہم بظاہر خود کو اہلِ بیت کا غلام کہتے ہیں، مگر ہمارے طرزِ زندگی، معیارِ فکر اور نکاح کے پیمانے اُن کی تعلیمات کے برعکس ہیں اگر خواتین واقعی سیدہ فاطمہ و زینبؓ کی معتقد ہیں تو پھر ہماری سوچ، فکر، نظریہ اور ترجیحات سب کچھ بدلنا ہوگامعاشرتی اصلاح ایمان کی بنیاد پر مکمن ہے دنیاوی مفادات کی بنیاد پر نہیں۔
تبصرہ