گناہوں سے رزق اور عمر کم ہوتی ہے: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

مورخہ: 20 مئی 2025ء

نیک اعمال سے رزق،علم،عزت میں اضافہ اور اطمینان قلب نصیب ہوتا ہے

منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے ایک فکری نشست میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ گناہوں سے رزق اور عمر کم ہوتی ہے۔ نیک اعمال سے رزق میں کشادگی، علم و عزت میں اضافہ اور اطمینان قلب نصیب ہوتا ہے۔ اللہ رب العزت اپنے اطاعت گزار بندوں پر اپنے رحمتوں اور برکتوں کے دروازے کھول دیتا ہے۔ ہر وقت ناشکری اور معصیت میں گھرے رہنے والے انسان رزق کی تنگی اور دنیا و آخرت کی برکات سے محروم رہتے ہیں۔ چیئرمین سپریم کونسل نے اس موقع پر حضرت ابو ہریرہ ؓکی روایت کردہ ایک حدیث رسولؐ کا حوالہ دیا کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا جس کا مفہوم ہے کہ اگر اللہ رب العزت کے بندے اپنی زندگیاں اطاعت میں بسر کریں تو اللہ ان کے لئے راتوں کو بارش برساتا ہے دن کو سورج نکالتا ہے اور بجلی کی کڑک سے اُنہیں محفوظ رکھتا ہے۔ میرے بندے میری اطاعت میں اپنی زندگیاں بسر کریں تو میں راتوں کو ان پر بارش برساتا ہوں، دن کو سورج نکالتا ہوں اور بجلی کی کڑک سے بھی انہیں محفوظ رکھتا ہوں۔چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن نے اس حدیث کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کو اپنی مخلوق کی بہت فکر ہے اس لیے وہ بارش کی نعمت برساتا ہے تاکہ انسان رزق کی تلاش میں گھر سے نکلیں ان کی فصلیں محفوظ رہیں یہ بارش اللہ کی نعمتوں میں سے ایک نعمت ہے۔ انہوں نے حضرت ثوبان رضی اللہ عنہ کی روایت کردہ ایک حدیث رسول ؐ کا حوالہ دیا جو سنن ابن ماجہ میں مذکور ہے جس میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ میری اطاعت اختیار کرو، میرے احکامات پر عمل کرو، حلال کو اپناؤ اور حرام سے بچوکیونکہ نیک اعمال عمر کو بڑھا دیتے ہیں اور دعا تقدیر کو ٹال دیتی ہے۔ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا کہنا تھا کہ انسان بعض اوقات گناہوں کی وجہ سے رزق سے محروم ہو جاتا ہے، حافظہ کمزور ہو جاتا ہے اور علم چھن جاتا ہے،انہوں نے امام شافعیؒ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب حافظہ کمزور ہو جائے تو فوراً اپنا محاسبہ کرو، چھوٹے بڑے گناہوں سے خود کو دور کر لو کیونکہ علم اللہ کا نور ہے جو گناہ گار کو نصیب نہیں ہو سکتا۔ خطاب کے اختتام پر چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے سامعین کو تلقین کی کہ وہ اپنی زندگیوں کو اللہ کی اطاعت میں گزاریں، گناہوں سے بچیں، نیک اعمال کو اپنائیں اور دعاؤں کو زندگی کا معمول بنائیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top