تحریک منہاج القرآن گھروں کو علم اور عبادت کا مرکز بنانا چاہتی ہے: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری
والدین بچوں کو اسلامی تاریخ و ثقافت اور ورثہ سے جوڑے رکھیں۔ چیئرمین سپریم کونسل
جب بچہ ماں کے پیٹ میں ہوتا ہے اس کی پرورش ماں کے اعمال سے شروع ہو جاتی ہے
لاھور: چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اپنے ایک پُرتاثیر اور فکر انگیز خطاب میں ماں باپ کی ذمہ داریوں اور بچوں کی ابتدائی عمر میں کردار سازی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تربیت دو پہلوؤں پر مشتمل ہوتی ہے، ایک وہ جس کا اہتمام ریاست اور نظام تعلیم کرتا ھے۔ گھر میں یہ ذمہ داری والدین کی ھے۔ تربیت کا یہی نظام بنیادی و اولین حیثیت رکھتا ہے۔
ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ آج کے بچے کی دماغی صلاحیتیں، اس کی استعداد (جسے آج کی ڈیجیٹل دنیا میں کمپیوٹرچپ یا اسکا پروسیسر کہ سکتے ھیں )۔ پچھلی نسلوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ جدید اور تیز ہے، بچہ چار سال کی عمر میں ایسے سوالات کرتا ہے جو کبھی بیس سال کی عمر میں بھی نہیں آتے تھے اس لیے اگر والدین نے پہلے پانچ سالوں میں زبان، لباس، ماحول، عبادات اور سچائی کا ماحول مہیا نہیں کیا تو وہ نسلیں کیسے مثالی بن سکتی ہیں؟
چیئرمین سپریم کونسل نے کہا کہ جب بچہ ماں کے پیٹ میں ہوتا ہے، اُس کی پرورش ماں کے اعمال سے ہی شروع ہو جاتی ہے اگر ماں سچ بولتی ہے، وضو میں رہتی ہے، قرآن کی تلاوت کرتی ہے، اللہ کا ذکر کرتی ھے تو بچہ بھی فطری طور پر ان ہی اوصاف کا حامل ہوگا، مائیں، بچے کی پیدائش سے قبل اور بعد میں اپنا کردار بدلیں، اپنی ذات کو سنواریں تاکہ بچہ کردار، طہارت اور سچائی کے سانچے میں ڈھل سکے۔
ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا کہنا تھا کہ آج والدین بچوں کو مغربی بود و باش میں دیکھ کر خوش ہوتے ہیں ہم بھول جاتے ہیں کہ ایسا کر کے ہم انہیں اسلامی تاریخ و ثقافت اور ورثہ سے کاٹ رہے ہیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ والدین بچے کی زبان سے لے کر لباس تک ہر پہلو پر شعوری فیصلہ کریں۔ کیا ماں باپ نے گھر میں اردو زبان اپنانے کی کوشش کی؟ کیا والدین نے خود کو بچوں کے لیے رول ماڈل بنایا؟ کیا بچے کے سامنے سچ بولا؟ نماز قائم کی؟ قرآن کھولا؟ حضور شیخ الاسلام اور دیگر اکابرین کی کتابیں پڑھیں ان کے خطابات سنتے ھیں۔ اگر ایسا نہیں کیا گیا تو ہم کس طرح ایک مثالی نسل کی توقع رکھ سکتے ہیں؟
چیئرمین سپریم کونسل نے زور دیا کہ ہر گھر کو علم و تربیت کا مرکز بنانا ہوگا، ہر ماں کو مثالی ماں، ہر باپ کو کردار کا پیکر بننا ہوگا صرف اس صورت میں ہم فریدِ وقت، ایوبی جذبے اور اسلامی تہذیب و ثقافت کو زندہ رکھنے والی نسل تیار کر سکتے ہیں۔ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ منہاج القرآن کا کردار یہی ہے کہ وہ گھروں کو عبادت گاہ، والدین کو مربی اور نسلوں کو سچا عاشقِ رسول ﷺ بنائے یہ سفر گھروں سے شروع ہوگا، تب ہی قومیں بدلیں گی، معاشرے سنوریں گے اور دین کی بہاریں ہر سمت جلوہ گر ہوں گی۔
تبصرہ