قربانی مہم 2025: تحریک منہاج القرآن لاہور کااجلاس
منہاج ویلفیئر کا مشن ہر مستحق تک قربانی کا گوشت پہنچانا ہے
قربانی عبادت کے ساتھ معاشرتی فلاح کا ذریعہ بھی ہے
رضاکاروں کی تربیت مکمل، قربانی مہم کےلئے تیاریاں شروع
علامہ رانا محمد ادریس، پروفیسر ذوالفقار علی، رانا نفیس حسین قادری، کیپٹن (ر) عبدالمجید کا خطاب
لاہور (20 مئی 2025) تحریک منہاج القرآن (منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن) لاہور کے زیراہتمام سالانہ قربانی مہم 2025 کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن لاہور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں لاہور بھر سے ضلعی، تحصیلی، پی پی عہدیداران اور سینکڑوں رضاکاروں نے شرکت کی۔ اس اجلاس کا مقصد قربانی مہم کے لیے رضا کاروں کی تربیت، منظم منصوبہ بندی اور خدمتِ خلق کے جذبے کو مؤثر بنانا تھا تاکہ عیدالاضحی کے موقع پر مستحق افراد تک قربانی کا گوشت منظم اور بروقت انداز میں پہنچایا جا سکے۔
اجلاس کی صدارت تحریک منہاج القرآن لاہور کے صدر پروفیسر ذوالفقار علی نے کی، جبکہ نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس، رانا نفیس حسین قادری، کوآرڈینیٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن لاہور کیپٹن (ر) عبدالمجید اور دیگر رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ رانا محمد ادریس نے کہا کہ قربانی عبادت کے ساتھ ساتھ خدمتِ انسانیت کا عظیم ذریعہ بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کا مشن ہے کہ ہر مستحق تک قربانی کا گوشت پہنچایا جائے، اور اس سال بھی ہزاروں خاندانوں تک گوشت پہنچانے کا عزم رکھتے ہیں۔
صدر منہاج القرآن لاہور پروفیسر ذوالفقار علی نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر منہاج القرآن کی قربانی مہم ایک منظم، شفاف اور فلاحی عمل ہے جس میں سینکڑوں رضاکار جذبے سے سرشار ہو کر خدمات سرانجام دیتے ہیں۔ انہوں نے رضاکاروں پر زور دیا کہ وہ خلوص، شفافیت اور نظم و ضبط کو ہر مرحلے میں یقینی بنائیں تاکہ عوام کا اعتماد مضبوط ہو۔
کوآرڈینیٹر کیپٹن (ر) عبدالمجید نے قربانی مہم 2025 کی تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی اور گزشتہ سال کی کارکردگی رپورٹ بھی پیش کی۔ اجلاس میں وطن عزیز کے دفاع میں افواجِ پاکستان کی قربانیوں پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ قوم کو اپنی افواج پر ناز ہے، اور منہاج القرآن کا ہر کارکن وطن کے سپاہیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔
اجلاس میں ناظم لاہور امجد حسین چوہدری، افضل بھٹی، حاجی امجد، طارق الطاف، حاجی حنیف، میاں ممتاز حسین، ڈاکٹر سلطان محمود چوہدری، ممتاز خان کچھی، شفاقت مغل، حاجی فرخ، علامہ خلیل حنفی سمیت دیگر اہم رہنماؤں نے شرکت کی۔
تبصرہ