اسلامی معیشت میں فرد کی فلاح اولین ترجیح ہے: ڈاکٹر حسین محی الدین قادری
بجٹ میں تعلیم اور صحت کے شعبوں پر سب سے زیادہ توجہ دی جائے
جہاں غربت ہو گی وہاں بدامنی اور جہالت بھی ہو گی، صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل
منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر، معاشی ماہر پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا ہے کہ اسلامی معیشت میں فرد کی فلاح اولین ترجیح ہے، بجٹ میں تعلیم اور صحت کے شعبوں پر سب سے زیادہ توجہ دی جائے، جہاں غربت ہو گی وہاں بدامنی اور جہالت بھی ہو گی۔
انہوں آمدہ بجٹ کے حوالے سے منعقدہ خصوصی نشست میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ریاست اپنے شہریوں کو معیاری تعلیم اور صحت کی معیاری سہولتیں فراہم کر کے ان کی معاشی زندگی میں انقلاب لا سکتی ہے، تعلیم اور صحت ہر امیر اور غریب کی یکساں ضرورت ہے، صاحب حیثیت طبقہ اپنی مالی آسودگی کی وجہ سے نجی شعبہ سے ان سہولتوں سے فائدہ اٹھا لیتا ہے مگر غریب اور متوسط طبقہ اور خاندان تعلیم اور صحت پر خرچ کریں تو اُن کے پاس اتنے وسائل باقی نہیں بچتے کہ وہ جسم اور روح کا رشتہ برقرار رکھ سکیں۔
ہزارہا سرکاری سکول اور سرکاری ہسپتال موجود ہیں انہیں مفت ادویات کے لئے وافر بجٹ بھی مہیا کیا جاتا ہے، ڈاکٹرز اور طبی عملہ کی سہولیات بھی ان ہسپتالوں اور ڈسپنسریز اور تعلیمی اداروں کو دستیاب ہوتی ہیں مگر فرض شناسی، احساس ذمہ داری اور چیک اینڈ بیلنس کے کمزور نظام کی وجہ سے عام آدمی ان سرکاری سہولیات سے فائدہ نہیں اٹھا پاتے، ریاست کرپشن اور نااہلی پر قابو پا کر اور اپنے انتظامی میکانزم کو فعال اور ذمہ دارانہ بنا کر سرکاری وسائل کو عام آدمی تک پہنچا سکتی ہے۔ اگر تعلیم اور صحت کی مدات میں ریاست اپنے شہریوں کو سہولیات فراہم کر دے تو عام آدمی کے ماہانہ ہزار ہا روپے کی بچت ہو سکتی ہے اور ان کا معیار زندگی بہتر ہو سکتا ہے۔
تبصرہ