عدم برداشت کی بڑی وجہ اختلاف رائے کا احترام نہ کرنا ہے: ڈاکٹر حسن قادری

مورخہ: 23 مئی 2025ء

آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے شائستہ لب و لہجہ اور اعلیٰ ترین اخلاق سے اسلام پوری دنیا میں پھیلا

چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا ہے کہ دوسروں کی رائے کا احترام نہ کرنا معاشرے میں پائی جانے والی عدم برداشت کی سب سے بڑی وجہ ہے۔ اختلاف رائے کا احترام معاشروں کا حسن ھوتا ھے اسکے فقدان کے باعث اُمت مسلمہ تقسیم در تقسیم کے عمل سے گزررہی ہے۔ انھوں نے فکری نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مکالمہ کریں مناظرہ یا مقابلہ نہیں، ھمارے آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے شائستہ لب و لہجہ اور بہترین اخلاق اور اختلاف رائے کے احترام سے اسلام شرق تا غرب پھیلا اور آپ ؐ کے اعلیٰ اخلاق کی وجہ سے دشمن دوست اور اسلام کے محافظ بن گئے۔ حضور نبی اکرم ؐ نے صحت مند اختلاف رائے کو اُمت کے لئے باعث رحمت قرار دیا ہے ۔ مصطفوی تعلیمات کی روح سے محرومی کے سبب آج ہم نے اختلاف رائے کو دشمنی بنا لیا ہے۔ ادبِ اختلاف کی پاسداری نہ کرنے سے سوسائٹی میں  ابوجہل و لہب جیسے ضدی رویے جڑ پکڑ رہے ہیں ان منفی رویوں کو تاجدارِ کائناتؐ نے اپنے کردار سے شکست دی اور اُمت کو اچھے اخلاق اپنانے کی تعلیم دی۔ انہوں نے کہا کہ علمائے کرام، مفسرین قرآن، قارئین قرآن اور دعوتِ دین کے عظیم کام سے منسلک شخصیات پر لازم ہے کہ وہ اپنے اندر اختلاف رائے کا احترام، اعتدال،برداشت اور رواداری کے اوصاف نمایاں کریں۔ انہوں نے کہا کہ اختلافِ رائے انسانی زندگی کا حصہ ہے جواختلاف احترام اور شائستگی کے ساتھ کیا جاتا ہے اُس سے مقابل کے دل میں عزت و احترام کے جذبات نمو پاتے ہیں۔ دوسرے فریق کی بات کو توجہ سے سنے بغیر فوری ردعمل دینے کی غیر انسانی روش انتشار و نفاق پیدا کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دینی، ثقافتی، سیاسی، سماجی، اقتصادی امور پر بحث کو تبادلہ علم سمجھیں اس سے علم کے فروغ کا کلچر پیدا ھو گا اور منفیت کا رجحان زوال پذیر ھو گا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top