منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی عید قربانی مہم، لاکھوں مستحقین تک گوشت پہنچانے کی حکمت عملی وضع
قربانی کا گوشت تھرماپول ڈبوں اور چلر گاڑیوں کے ذریعے تقسیم ہوگا: ثناء اللہ خان
پسماندہ علاقوں میں بھی قربانی کا گوشت تقسیم کیا جائے گا: ڈائریکٹر آپریشنز منہاج ویلفیئر
لاہور (22 مئی 2025) منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے عید الاضحی کے موقع پر ملک بھر کے مستحق اور ضرورت مند خاندانوں تک قربانی کا گوشت پہنچانے کے لیے جامع منصوبہ بندی مکمل کر لی ہے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر آپریشنز ثناء اللہ خان نے انتظامی کمیٹیوں کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اجتماعی قربانی کا یہ عظیم منصوبہ پاکستان کے چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے پسماندہ اور دور افتادہ علاقوں میں فاؤنڈیشن کے فعال تنظیمی نیٹ ورک کی بدولت ممکن بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ قربانی مہم کی نگرانی کے لیے مرکزی، علاقائی اور ضلعی سطح پر خصوصی مانیٹرنگ ڈیسک قائم کیے جا چکے ہیں۔ قربانی کے جانوروں کی خریداری سے لے کر ان کی دیکھ بھال اور ذبح کے تمام مراحل پر باقاعدہ شرعی اصولوں اور حفظان صحت کے تقاضوں کے مطابق روزانہ رپورٹ لی جا رہی ہے۔ ثناء اللہ خان نے کہا کہ فاؤنڈیشن کی جانب سے جانوروں کی خریداری کے عمل میں ویٹنری ماہرین اور شرعی اسکالرز شامل ہیں تاکہ ہر جانور اسلامی اصولوں کے مطابق ہو اور صحتمند ہونے کے معیار پر پورا اترے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قربانی کے عمل کے لیے جدید مشینری سے آراستہ سلاٹر ہاؤسز کا انتخاب کیا گیا ہے جہاں تمام عملہ دستانے، ماسک اور دیگر ضروری حفاظتی اقدامات کے ساتھ ذمہ داریاں ادا کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ قربانی کے بعد گوشت کو خصوصی تھرماپول ائیرٹائٹ ڈبوں میں ڈرائی آئس کے ذریعے محفوظ کیا جائے گا اور جدید چلر گاڑیوں کے ذریعے ملک کے مختلف علاقوں میں مستحقین تک پہنچایا جائے گا۔ اس سال بھی منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کا ہدف ہے کہ ہزاروں خاندانوں تک قربانی کا گوشت پہنچایا جائے۔
ثناء اللہ خان نے اس موقع پر عوام سے اپیل کی کہ وہ قربانی جیسے عظیم عمل کو صرف رسم نہ سمجھیں بلکہ اسے خدمت خلق کا ذریعہ بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ عید قرباں ہمیں ایثار، بھائی چارے اور مستحقین کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنے کا درس دیتی ہے۔
تبصرہ