نیکی کی دعوت اور برائی سے روکنے میں مرد و عورت دونوں برابر کے ذمہ دار ہیں: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری
چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ قرآنی حکم ’’قُوا أَنفُسَكُمْ وَأَهْلِيكُمْ نَارًا‘‘ (اپنے آپ کو اور اپنے اہل خانہ کو جہنم کی آگ سے بچاؤ) مرد و عورت دونوں کے لیے یکساں ذمہ داری ہے اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ صرف مرد ہی اپنے خاندان کا دینی نگہبان ہے یا صرف عورت ہی گھر کی اصلاح کی ذمہ دار ہے تو یہ ادھورا فہم ہے۔
ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کااپنے خطاب میں کہنا تھاکہ مرد اگر رزقِ حلال کے لیے دن رات محنت کرتا ہے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ اولاد کی دینی تربیت سے بری الذمہ ہو جاتا ہے۔ اسی طرح خاتون خانہ بھی صرف گھریلو ذمہ داریوں تک محدود نہ ہو بلکہ وہ بھی دینی رہنمائی اور روحانی تربیت میں برابر کی شریک ہو۔
انہوں نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ کی روایت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ قیامت کے دن والدین سے سوال کیا جائے گا کہ انہوں نے اپنی اولاد کو کیا علم اور کیا ادب سکھایا؟ انہوں نے امام مالکؒ کی والدہ کا واقعہ بیان کیا کہ انہوں نے اپنے بیٹے کو امام ربیعہ کے علم سے پہلے ان سے ادب سیکھنے کی تلقین کی۔
ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ معاشرے کو بچانے کے لیے مرد و عورت دونوں کا نیکی کی دعوت دینا اور برائی سے روکنا بنیادی فریضہ ہے۔ اہل ایمان مردوں اور عورتوں کو ایک دوسرے کا معاون، مددگار اور رفیق قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایمان والے ہر سطح پر خیر کے کاموں میں ایک دوسرے کا ساتھ دیتے ہیں۔
چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے والدین سے درخواست کی کہ وہ اپنے بچوں کو روحانیت، ادب، علم اور دینی تربیت کا ماحول فراہم کریں تاکہ آئندہ نسلیں نہ صرف دنیاوی لحاظ سے کامیاب ہوں۔
تبصرہ