عدم برداشت کی بڑی وجہ اختلاف رائے کا احترام نہ کرنا ہے: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری
مکالمہ کریں مباہلہ یا مقابلہ نہیں، آپؐ کے شائستہ لب و لہجہ سے اسلام شرق تا غرب پھیلا
احترام اختلاف رائے کے کلچر کے فقدان کے باعث اُمت تقسیم در تقسیم ہورہی ہے، چیئرمین سپریم کونسل
لاہور (26 مئی 2025ء) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا ہے کہ دوسروں کی رائے کا احترام نہ کرنا نقصِ امن اور عدم برداشت کی سب سے بڑی وجہ ہے۔ احترام اختلاف رائے کے کلچر کے فقدان کے باعث اُمت مسلمہ تقسیم در تقسیم کے عمل سے گزررہی ہے۔ مکالمہ کریں مباہلہ یا مقابلہ نہیں، آپؐ کے شائستہ لب و لہجہ اور بہترین اخلاق اور اختلاف رائے کے احترام سے اسلام شرق تا غرب پھیلا اور آپ ﷺ کے اعلیٰ اخلاق کی وجہ سے دشمن اللہ کے دوست اور اسلام کے محافظ بن گئے۔ حضور نبی اکرم ﷺ نے صحت مند اختلاف رائے کو اُمت کے لئے باعث رحمت قرار دیا ہے مگر مصطفوی تعلیمات کی روح سے محرومی کے سبب آج ہم نے اختلاف رائے کو دشمنی بنا لیا ہے۔ ادبِ اختلاف کی پاسداری نہ کرنے سے سوسائٹی میں ابوجہل و لہب کے ضدی رویے جڑ پکڑ رہے ہیں ان منفی رویوں کے خلاف تاجدارِ کائناتؐ نے جنگ کی اور اُمت کو اچھے اخلاق اپنانے کی تعلیم دی۔
انہوں نے کہا کہ علمائے کرام، مفسرین قرآن، قارئین قرآن اور دعوتِ دین کے عظیم کام سے منسلک شخصیات پر لازم ہے کہ وہ اپنے اندر ادب اختلاف، اعتدال، برداشت اور رواداری کے اوصاف نمایاں کریں۔ انہوں نے کہا کہ اختلافِ رائے انسانی زندگی کا حصہ ہے جواختلاف احترام اور شائستگی کے ساتھ کیا جاتا ہے اُس سے مقابل کے دل میں عزت و احترام کے جذبات نمو پاتے ہیں۔ دوسرے فریق کی بات کو توجہ سے سنے بغیر فوری ردعمل دینے کی حیوانی روش انتشار و نفاق پیدا کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دینی، ثقافتی، سیاسی، سماجی، اقتصادی امور پر بحث کرتے ہوئے مقابلہ کی بجائے مکالمہ کریں۔
تبصرہ