لاہور میں 10 ہزار مستحق خاندانوں تک قربانی کا گوشت پہنچایا جائے گا: ثناء اللہ خان
لاہور (28 مئی 2025ء) ڈائریکٹر آپریشنز منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ قربانی کا مقصد مستحق، نادار، بیواؤں، یتیموں اور ضرورت مند افراد تک قربانی کا گوشت عزت و وقار کے ساتھ پہنچانا ہے۔ لاہور میں قائم کی جانے والی مرکزی قربان گاہ سے 10ہزار مستحق خاندانوں تک گوشت پہنچانے کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن قربانی مہم سے نہ صرف پاکستان بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی جاری ہے اور ہر سال لاکھوں افراد اس سے مستفید ہوتے ہیں۔
ثناء اللہ خان نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی قربانی مہم کو تین بنیادی اصولوں پر استوارکیا جاتا ہے، شفافیت، سہولت اور انسانی وقار کا تحفظ۔ انہوں نے کہا کہ قربانی کے جانور اسلامی اصولوں کے مطابق ماہرین کی نگرانی اور جدید سہولیات کے ساتھ ذبح کیے جاتے ہیں، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام عیدالاضحی کے تینوں ایام میں ہزاروں چھوٹے بڑے جانور ذبح کئے جائیں گے، قربانی مہم کے سلسلے میں 30 سے زائد انتظامی کمیٹیاں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے گائے کا حصہ 29 ہزار، چھترا 43 ہزار اور بکرا کی قربانی کا ریٹ 48 ہزار مقرر کیا ہے۔ 50 فیصد سے زائد حصوں کی رجسٹریشن مکمل ہو چکی ہے مرکزی قربان گاہ کے لئے حفظان صحت اور شرعی اصولوں کے مطابق جدید سلاٹر ہاؤس کا انتخاب کیا گیا ہے۔ قربانی کے گوشت کو ڈرائی آئس کے ذریعے محفوظ کر کے حصے داران اور مستحق افراد تک پہنچایا جائے گا۔ ڈرائی آئس کے استعمال سے گوشت طویل وقت تک ٹھنڈا اور تازہ رہتا ہے۔
تبصرہ