حج ایمان کی تجدید، کردار کی تطہیر اور قربِ الٰہی کا ذریعہ ہے: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

مورخہ: 29 مئی 2025ء

تحریر: محمد اقبال چشتی (ریسرچ اسکالر، لائیو اپڈیٹس سیل، سوشل میڈیا)

اللہ رب العزت نے انسانوں کے لیے زمین پر کعبۃ اللہ بنایا، جہاں ہر سال لاکھوں مسلمان حج ادا کرتے ہیں۔ اسی طرح اللہ تعالیٰ نے فرشتوں کے لیے بھی ایک خاص مقام متعین کیا ہے، جسے بیت المعمور کہا جاتا ہے۔ یہ مقام ساتوں آسمانوں سے بلند، عرشِ الٰہی کے نیچے واقع ہے اور فرشتے اس کا طواف کرتے ہیں، جیسے انسان کعبۃ اللہ کا کرتے ہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری مدظلہ العالی نے اس پورے منظر کو ’’فرشتوں کا سفرِ حج‘‘ قرار دیا — ایک ایسا روحانی سفر جو بیت المعمور سے شروع ہو کر بیت اللہ اور پھر روضہ رسول ﷺ تک مکمل ہوتا ہے۔

بیت المعمور اور فرشتوں کا روحانی سفر

شیخ الاسلام اپنے خطاب میں فرماتے ہیں کہ:

’’جس طرح اللہ تعالیٰ نے نسلِ بنی آدم کے لیے زمین پر کعبہ بنایا، اسی طرح عرش کے نیچے ساتوں آسمانوں سے اوپر ملائکہ کے لیے بیت المعمور بنایا۔‘‘

فرشتوں کے اس طواف کا منظر انتہائی پرشکوہ ہے۔ مستند روایات کے مطابق، ہر روز ستر ہزار (70,000) فرشتے بیت المعمور میں داخل ہوتے ہیں، طواف کرتے ہیں، اللہ کی تسبیح و تہلیل کرتے ہیں، اور پھر انہیں زمین پر بیت اللہ کے طواف کا حکم ہوتا ہے۔ چنانچہ وہ فرشتے زمین پر آکر دن بھر خانہ کعبہ کا طواف کرتے ہیں۔

فرشتوں کی بارگاہِ رسالتمآب ﷺ میں حاضری

شیخ الاسلام بتاتے ہیں کہ خانہ کعبہ کا طواف کرنے کے بعد یہی فرشتے طواف سے فراغت کے بعد مدینہ منورہ کا رخ کرتے ہیں، جہاں وہ روضۂ رسول ﷺ پر حاضری دیتے ہیں۔ ان کی روحانی عقیدت اس حد تک بڑھ جاتی ہے کہ وہ اپنے پَر حضور نبی اکرم ﷺ کے مزارِ انور سے مس کرتے ہیں اور فیض کی خیرات حاصل کرتے ہیں۔ یہ زیارت اتنی عظیم ہے کہ روایت کے مطابق جو ستر ہزار فرشتے ایک بار حاضری دیتے ہیں، قیامت تک ان کی باری دوبارہ نہیں آتی۔

حج: صرف انسانوں کا نہیں، نوری مخلوق کا بھی ذوقِ بندگی

یہ حقیقت کہ فرشتے بھی اللہ کے گھر کا طواف کرتے ہیں، ہمیں اس عبادت کی آفاقی عظمت سے روشناس کراتی ہے۔ حج صرف مسلمانوں کی ایک مذہبی رسوماتی عبادت نہیں بلکہ وہ عمل ہے جو زمینی و آسمانی مخلوق کے روحانی ارتقاء اور قربِ الٰہی کا ذریعہ ہے۔

حاصلِ کلام:

حج، دینِ اسلام کا ایک عظیم الشان رکن ہے جو روحانیت، اجتماعیت اور اطاعتِ الٰہی کا حسین امتزاج ہے۔ بیت المعمور سے بیت اللہ اور پھر روضۂ رسول ﷺ تک کا سفر صرف انسانوں ہی کا نہیں بلکہ اللہ کے مقرب فرشتوں کا بھی روحانی عمل ہے۔ یہی حج کا اصل پیغام ہے — پاکیزگی، بندگی، اور تقربِ خداوندی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top