ذی الحجہ بڑی فضیلت والا مہینہ ہے: علامہ رانا محمد ادریس
حج امت مسلمہ کے اتحاد و اخوت کا عملی مظہر ہے: نائب ناظم اعلیٰ
حج انسان کوتقویٰ، صبر، ایثار، قربانی کا عملی سبق دیتا ہے: جامع شیخ الاسلام میں خطاب
لاہور (30مئی 2025) تحریک منہاج القرآن کے نائب ناظم اعلیٰ علامہ رانا محمد ادریس نے جامع شیخ الاسلام میں جمعۃ المبارک کے بڑے اجتماع سے "حج کا فلسفہ اور فضیلت" کے موضوع خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ذی الحجہ بڑی فضیلت والا مہینہ ہے۔اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں ذی الحجہ کی ابتدائی دس راتوں کی قسم کھائی ہے جو ان دنوں کی اہمیت اور عظمت کو ظاہر کرتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ حج دین اسلام کا5 واں بنیادی رکن ہے جو ہر صاحب استطاعت مسلمان پر زندگی میں ایک بار فرض ہے۔ یہ عبادت نہ صرف روحانی تطہیر کا ذریعہ ہے بلکہ مسلمانوں کے درمیان اتحاد و یکجہتی کی علامت بھی ہے۔ حج امت مسلمہ کے اجتماعی شعور، اتحاد، اور اخوت کا بھی عملی مظہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ حج صرف ایک جسمانی عبادت نہیں بلکہ یہ روحانی پاکیزگی، صبر، ایثار اور اخوت کا درس بھی دیتا ہے۔ حجاج کرام احرام باندھ کر دنیاوی تعلق سے کٹ جاتے ہیں اور خالصتاً اللہ کی رضا کےلئے اعمال انجام دیتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ حج کی عبادت انسان کو اپنے گناہوں سے توبہ کرنے اور ایک نئی زندگی کا آغاز کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حج کا سفر بندے کے نفس کو پاکیزگی عطا کرتا ہے اور اسے تقویٰ، صبر، ایثار، قربانی، اور عاجزی کا عملی سبق دیتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بیت اللہ کا طواف، صفا و مروہ کی سعی، عرفات میں وقوف اور شیطان کو کنکریاں مارنا انسان کی زندگی کی اصلاح اور روحانی ارتقا کے وہ مراحل ہیں جو اسے اللہ سے قریب تر کرتے ہیں۔ حج ہمیں یہ درس دیتا ہے کہ دنیا کی حیثیت عارضی ہے اور اصل کامیابی اللہ کی رضا اور اس کے حضور جھکنے میں ہے۔
علامہ رانا محمد ادریس نے کہا کہ حج کے دوران لاکھوں انسان ایک ہی لباس میں، ایک ہی انداز میں، اور ایک ہی نعرے "لبیک اللھم لبیک" کے ساتھ اللہ کی بارگاہ میں حاضر ہوتے ہیں۔ یہ عالمگیر اتحاد امت کا مظہر اور اس بات کا عملی پیغام ہے کہ نسل، رنگ، زبان اور جغرافیہ کی تمام تفریقیں اسلام کے سامنے بے معنی ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ امت مسلمہ کو حج کی روح کو سمجھنے اور اپنی اجتماعی زندگی میں اسے نافذ کرنے کی ضرورت ہے۔ نماز جمعہ کے بعد علامہ رانا محمد ادریس نے حاضرین کو دعا کرائی جس میں انہوں نے ملک و ملت کی سلامتی، امت مسلمہ کے اتحادکے لیے خصوصی دعا کی۔
تبصرہ