قربانی سے حقوق اللہ اور حقوق العباد کی تکمیل ہوتی ہے: خرم نواز گنڈاپور
قربانی کی برکت سے شرق تا غرب عالم اسلام مساوات کی عملی تصویر ہوتا ہے
قربانی کے ایام اسلامی بھائی چارہ کی عظیم الشان روایات کے امین ہیں
منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ہزاروں خاندانوں تک قربانی کا گوشت پہنچائے گی
لاہور (2 جون 2025) ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ عید الاضحی پر قربانی سے بیک وقت حقوق اللہ اور حقوق العباد کی تکمیل ہوتی ہے، قربانی کی برکت سے شرق تا غرب عالم اسلام مساوات کی عملی تصویر ہوتا ہے۔ قربانی کے ایام اسلامی بھائی چارہ کی عظیم الشان روایات کے امین ہیں۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ہزاروں خاندانوں تک قربانی کا گوشت پہنچائے گی۔ حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق قربانی اور گوشت کی ترسیل یقینی بنانے کے لئے جدید سلاٹر ہائوس کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ سینکڑوں رضاکار بروقت گوشت پہنچانے کا فریضہ انجام دیں گے۔قربانی کے بعد گوشت کو خصوصی تھرماپول ائیرٹائٹ ڈبوں میں ڈرائی آئس کے ذریعے محفوظ بنایا جائے گا اور جدید چلر گاڑیوں کے ذریعے مستحقین تک پہنچایا جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ قربانی کے ایام کی برکت سے شرق کا غرب ہر مسلمان کے گھر ایک جیسا کھانا بنتا ہے جو اسلامی اخوت اور بھائی چارہ کی ایک عظیم مثال ہے۔انہوں نے کہاکہ قربانی کرنے کے بعد جب گوشت غریبوں یتیموں اور مسکینوں میں تقسیم کیا جاتا ہے تو اس میں صدقہ خیرات کا پہلو بھی کارفرما ہوتا ہے۔ گوشت رشتہ داروں، قرابت داروں میں تقسیم ہوتا ہے تو اس طرح رشتہ داروں کے حقوق کی پاسداری بھی ہوتی ہے۔ انہوں نے منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کے اجتماعی قربانی مہم کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ منہاج ویلفیئر فائونڈیشن دینی روح کے مطابق اجتماعی قربانی کا اہتمام کرتی ہے۔ اندرون و بیرون ملک مقیم افراد جو اپنی قربانیوں کےلئے اعتماد کرتے ہیں ان کے اعتماد پر پورا اترا جاتا ہے۔
تبصرہ