حج مساوات انسانی کا عظیم مظہر ہے: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری

مورخہ: 05 جون 2025ء

تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست کی دنیا بھر کے حجاج کرام کو مبارکباد
حج کا روحانی سفر انسان کو اپنے خالق سے جوڑ دیتا ہے: پیغام

لاہور (5 جون 2025) بانی و سرپرست اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے فریضہ حج کی ادائیگی کی سعادت حاصل کرنے والے لاکھوں حجاج کرام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ حج ایک ایسا روحانی سفر ہے جو انسان کو اس کے خالق سے جوڑ دیتا ہے، حج صرف جسمانی مشقت کا نام نہیں بلکہ دل و دماغ کی پاکیزگی، نیت کی درستگی اور عاجزی کا مظہر ہے۔ دنیا بھر سے لاکھوں مسلمان ایک ہی لباس میں ’’ لبیک‘‘ کی صداؤں کےساتھ سجدہ ریز ہوتے ہیں۔ حج اسلامی اخوت اور بھائی چارے کے فروغ کا ذریعہ ہے۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ آج ہمیں حج کے پیغام کو سمجھنے اور اپنی زندگی میں اپنانے کی اشد ضرورت ہے۔ فرقہ واریت، تعصب، نفرت اور تفریق کے تمام بتوں کو گرانا ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ حج کی ادائیگی ایک بہت بڑی سعادت ہے۔ حج کی سعادت حاصل کرنے والا گناہوں سے ایک معصوم بچے کی طرح پاک صاف ہو جاتا ہے اور اللہ تعالیٰ اخلاص کے ساتھ فریضہ حج ادا کرنے والے کی ہر دعا قبول کرتا ہے۔ حجاج کرام ملت اسلامیہ کے اتحاد و یکجہتی اور امن و خوشحالی کے لئے دعا کریں۔

انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ حج اسلام کی بنیادی تعلیمات میں سے ایک ایسا رکن ہے جو اجتماعیت اور اتحاد و یگانگت کا آئینہ دار ہے۔ حج مساوات انسانی کا عظیم مظہر ہے۔ مناسک حج کی ادائیگی کرتے ہوئے کوئی گورا، کالا، امیر، غریب، چھوٹا، بڑا نہیں ہوتا، سب اللہ کے حضور عجز و انکساری کے ساتھ سربسجود ہوتے اور رحمت کے طلبگار بنتے ہیں۔ یہی فکر سوچ اور رویہ عملی زندگی کے ہر گوشے میں نظر آنا چاہئے۔

Dr Tahir ul Qadri message about Yaum e Hajj

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top